امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اب تک کورونا کے 3 لاکھ 85 ہزار 160 کیسز ہوچکے ہیں۔ جمعے کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں 16اموات ہوئی ہیں- اموات کی کل تعداد بڑھ کر ایک ہزار 198 ہو گئی ہے۔
پچھلے چوبیس گھنٹے میں دو ہزار 478 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 77 ہزار537 تک ہوچکی ہے-
اماراتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے میں مزید 87 ہزار 263 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔ اب تک 59 لاکھ 33 ہزار 299 مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
پورے ملک میں ویکسین مفت مہیا کی جارہی ہے۔ بوڑھوں، مقامی شہریوں اور لاعلاج امراض میں مبتلا افراد کو ویکسین کی فراہمی میں ترجیح دی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز بڑھنے پر مزید فیلڈ ہسپتال دوبارہ کھولے جا رہے ہیں۔
سات فیلڈ ہسپتال کورونا مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔ (فوٹو وام)
اماراتی وزارت صحت کی ترجمان فریدہ الحوسنی نے بتایا کہ کئی فیلڈ ہسپتال موثر کردیے گئے۔ آئندہ مرحلے میں مزید ہسپتال موثر کردیے جائیں گے۔ سات فیلڈ ہسپتال پورے ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کریں گے۔
متحدہ عرب امارات نے کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے وبا کی پہلی لہر کے دوران کئی فیلڈ ہسپتال قائم کیے تھے۔ صورتحال بہتر ہوجانے پر ان میں سے بعض فیلڈ ہسپتال بند کردیے گئے تھے۔