Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن کلاس کے دوران ٹیچر نے طالبہ کو چور سے بچا لیا

ٹیچر نے طالبہ کو ہدایت کی کہ کمپیوٹر کے کیمرے کو کھڑکی کی سمت کر دیں (فوٹو: پکسابے)
سعودی عرب کے حائل ریجن میں معلمہ کی حاضر دماغی نے آن لائن کلاس کے دوران طالبہ کو چور سے بچالیا۔ نامعلوم شخص نے گھر میں تنہا کم عمر طالبہ کو دیکھ کر کھڑکی سے اندر گھسنے کی کوشش کی تھی۔ 
ویب نیوز سبق کے مطابق حائل ریجن میں آن لائن کلاس کے دوران پرائمری جماعت کی ایک طالبہ نے کلاس کے دوران چیخ کر اپنی ساتھیوں سے مدد کی درخواست کی اور کہا کہ وہ گھر میں تنہا ہے اور کوئی نامعلوم شخص کھڑکی کھولنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 
طالبہ کی جانب سے یہ سنتے ہی ’مدرستی‘ پلیٹ فارم پر موجود کلاس ٹیچر نے طالبہ کو مخاطب کرتے ہوئے ہمت سے کام لینے کا کہا اوراسے ہدایت کی کہ فوری طور پر کمپیوٹر کے کیمرے کو کھڑکی کی سمت کر دے۔ 
طالبہ نے معلمہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایسا ہی کیا جہاں ایک شخص کھڑکی کے ذریعے کمرے میں گھسنے کی کوشش کر رہا تھا۔ 
معلمہ نے ٹیلی فون پر طالبہ کے پڑوسیوں سے رابطہ کیا اور انہیں واقعے کے بارے میں بتایا ساتھ ہی طالبہ کو کمپیوٹر کا سپیکر کھولنے اور چور کی تصویر لینے کی کوشش کرنے کا کہا تاکہ اس کی شناخت کی جاسکے۔ معلمہ ساتھ ہی طالبہ کو حوصلہ بھی دیتی رہیں۔ 
اسی دوران طالبہ کے پڑوسی وہاں پہنچ گئے جبکہ چور اس سے قبل ہی وہاں سے فرار ہو چکا تھا۔ 
 اس حوالے سے سبق نیوز نے ریجنل پولیس ترجمان اور ادارہ تعلیم کے ترجمان سے رابطہ کیا جن کا کہنا تھا کہ واقعے کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ملزم کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ 

شیئر: