جدہ کورنیش کا پورا پروجیکٹ بارہ مراحل میں نافذ ہوگا۔( فوٹو العربیہ)
سعودی سکالر ڈاکٹر عادل الزہرانی نے جدہ سی فرنٹ کے واکنگ ٹریکس کو ملٹی کلر فن پارے میں تبدیل کردیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے تعاون سے فلاحی انجمن ’عیون جدہ‘ نے اسے ’کورنیش الالوان‘ (رنگا برنگا کورنیش) کا نام دیا ہے۔ اس کا مقصد جدہ کے میدانوں اور اہم مقامات کو خوش رنگ، خوش شکل اور جاذب نظر بنانا ہے۔
ڈاکٹرعادل الزہرانی نے کہا کہ 2019 کے دوران پی ایچ ڈی کے مقالے کی تیاری کے دوران رنگ برنگے ساحل کا خاکہ ذہن میں ترتیب دیا تھا۔
پی ایچ ڈی کے مقالے کا موضوع ’کھلی خالی جگہوں کو نئی پہچان‘ دینے کے بارے میں تھا۔ رفتہ رفتہ یہ خیال ایک شکل سے دوسری شکل اختیار کرتا چلا گیا-
ڈاکٹر الزہرانی سے دریافت کیا گیا کہ آپ نے جدہ سی فرنٹ کے واکنگ ٹریکس کو مختلف رنگ و شکل دینے کے لیے کیوں منتخب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دراصل جدہ اور اس کا ساحل مجھے بے حد عزیز ہے۔ یہ تجویزعیون جدہ فلاحی انجمن کی انتظامیہ کے سامنے رکھی پھر جدہ کے میئر اور کمشنر کے سامنے پورا پروگرام پیش کیا گیا۔ سب نے حوصلہ افزائی کی سہولتیں دیں۔
ایک ڈیزائن ٹیم تشکیل دی گئی۔ ورکنگ ٹیم قائم کی گئی جبکہ ایک لاجسٹک ٹیم، ایک رضاکاروں کی رابطہ ٹیم اور ایک ٹیم اس پورے پروجیکٹ کی فوٹو گرافی اور وڈیو کے لیے تیار کی گئی۔
الزاہرانی نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ دو سو میٹر رقبے پر نافذ کیا گیا ہے جس میں 350 رضاکاروں نے حصہ لیا۔
دوسرا مرحلہ آئندہ جمعرات سے شروع ہوگا جس میں 2500 میٹر لمبائی میں جنوبی کورنیش کے وسطی جزیرے کو تدریجی آرٹ میں تبدیل کیا جائےگا۔ پورا پروجیکٹ بارہ مراحل میں نافذ ہوگا۔