خمیس مشیط پر دو حملے ناکام، ڈرون اور میزائل تباہ
میزائل اور ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے قبل تباہ کردیا گیا۔(فوٹو العربیہ)
عرب اتحاد نے کہا ہے کہ پیر کی رات کو خمیس مشیط پر بیلسٹک میزائل اور جنوبی علاقے پر بارود بردار ڈرون حملہ ناکام بنایا گیا ہے۔
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا کہ اتحادی افواج نے خمیس مشیط کی جانب داغے جانے والے میزائل اور ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق ترجمان نے کہا کہ حوثی بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیاں اور سنگین غلطیاں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرب اتحادی حوثیوں کی جارحانہ سرگرمیوں سے حکمت و فراست سے نمٹ رہے ہیں۔ آئندہ بھی بین الاقوامی انسانی قانون کے دائرے ہی میں اقدامات ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بریگیڈیئر احمد عبداللہ نے بتایا کہ یمنی فوج نے النضود محاذ پرحوثیوں پر جوابی حملہ کرکے کئی مقامات آزاد کرالیے ہیں۔ حوثیوں کو زبردست جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
یمنی خبررساں ادارے سبا کے مطابق یمنی فوج کے عہدیدار نے بتایا کہ عرب اتحاد کے طیاروں نے حوثیوں کے میزائل لانچر اور بکتر بند گاڑیوں کو حملہ کرکے تباہ کردیا ہے۔