Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کی تیسری لہر، پنجاب کے کئی بڑے شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا کی تیسری لہر اور بڑھتے کیسز کے پیش نظر پنجاب کے شہروں لاہور، گجرات اور راولپنڈی کے کئی علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں کورونا ٹیسٹوں کی پانچ فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مزید ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

 

اتوار سے لاہور سمیت مخصوص شہروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں، جشن بہاراں، شادی ہالز اور مارکیز میں شادیاں کرنے، مزارات، سینما ہال اور دیگر عوامی اجتماعات پر دو ہفتے کی پابندی ہوگی۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لاہور کے 16، راولپنڈی کےچار اور گجرات کے 17علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ جہاں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور سرکاری و نجی دفاتربند رہیں گے۔
سمارٹ لاک ڈاون کے دوران دودھ اور گوشت کی دکانیں اور بیکریاں صبح 7سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ جنرل سٹورز، آٹا چکیاں صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلیں گی۔ اس کے علاوہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں فروٹ، سبزی، تندور اورپیٹرول پمپس صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلیں گے۔
صوبائی حکومت کے احکامات پر ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنر نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فیکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عمل در آمد کی ہدایات کر دی ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی کورونا کے خطرے کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 کے تحت عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے تحت عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے شہریوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب اور اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
 ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 1 کی گلی نمبر 9 ،  گلبہار نمبر 4 کی گلی 3،  ڈیفنس کالونی کی گلی نمبر11 اور حیات آباد فیز 6 کی گلی نمبر 5 میں ہفتے کی شام سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ العمل ہوگا۔
ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی اور مساجد میں صرف پانچ افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہو گی۔

شیئر: