گریمی ایوارڈز، عرب ڈیزائنرز کے ملبوسات توجہ کا مرکز
امریکی گلوکارہ جینے آئکو نے گریمی کی تقریب میں بحرین کی ایک ڈیزائنر کا لباس پہنا تھا۔ فوٹو عرب نیوز
میوزک انڈسٹری کے سب سے بڑے گریمی ایوارڈز کی تقریب میں عرب ڈیزائنرز کے ملبوسات خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
امریکہ کے شہر لاس اینجلیس میں 63 ویں گریمی ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گلوکاروں کے علاوہ کئی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔
کورونا کی عالمی وبا کے باعث چند شرکا نے آن لائن لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی جبکہ چند سٹیج پرفارمنسز بھی پہلے سے ریکارڈ کی گئی تھیں۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی گلوکارہ جینے آئکو نے گریمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کے دوران بحرین کی ایک ڈیزائنر ’منصوری‘ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
جینے آئکو کا ہلکے گلابی رنگ کا خوبصورت لباس ریڈ کارپٹ کی مناسبت سے تیار کیا گیا تھا جس میں زیادہ تر آرگینزا کا کپڑا استعمال کیا گیا تھا۔
گریمی ایوارڈ کے لیے تین مرتبہ نامزد ہونے والی جینے آئکو نے عرب ڈیزائنر کے لباس کے ساتھ پرل کی جیولری پہن رکھی تھی۔
امریکی ریپر لیزو نے بھی تقریب میں شرکت کی فوٹو پوسٹ کی ہوئی تھی جس میں انہوں نے ایک لبنانی ڈیزائنر کی بہار کی کلیکشن میں سے لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
جبکہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والی ایک ٹی وی میزبان کیلٹی نائٹ نے سعودی عرب کی ڈیزائنر ہونیدا کا لباس پہن رکھا تھا۔
گریمی ایوارڈز 2021 کی تقریب کی میزبانی مشہور امریکی کامیڈین ٹریور نوح نے کی تھی۔
اس سال کے ایوارڈز کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے، جس کی ایک وجہ متعدد خواتین آرٹسٹ کا ایوارڈ جیتنا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ تین مرتبہ ’البم آف دا ایئر‘ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی خاتون گلوکارہ بن گئی ہیں۔
جبکہ بیونسے 28 مرتبہ ایوارڈ جیتنے کے بعد گریمی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی خاتون بن گئی ہیں۔
گریمی ایوارڈ 2021 میں گلوکارہ بیونسی کو ان کے گانے ’بلیک پریڈ‘ میں بہترین آر اینڈ بی پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔