خمیس مشیط پر نئے حملے کی کوشش ناکام، ڈرون تباہ
جمعے کی صبح نجران شہر پر میزائل حملے کو ناکام بنا یا گیا تھا۔( فوٹو سبق)
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ حوثیوں نے جمعے کو سعودی شہر خمیس مشیط پر بارود بردار ڈرون سے حملے کی کوشش کی تھی جسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔
عاجل اور اخبار 24 ویب سائٹس کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا سعودی سول تنصیبات اور شہریوں پر حملے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عرب اتحاد حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں سے سول تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کرے گا۔
اس سے قبل جمعے کی صبح حوثی ملیشیا کی جانب سے نجران شہر پر میزائل حملے کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے عرب اتحادی فورسز کے ترجمان بریگیڈیئرترکی المالکی کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے نجران شہر کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کو سعودی شاہی فضائیہ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا۔
اتحادی فورسز کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کے شہری علاقوں کونشانہ بنانا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ حوثیوں نے جمعرات کو جازان تیل ڈسٹری بیوشن سٹیشن پر حملہ کرکے معطل کرنے کی کوشش کی تھی۔