کورونا میں اضافہ: پنجاب کے بڑے شہروں کے درجنوں علاقوں میں لاک ڈاؤن
کورونا میں اضافہ: پنجاب کے بڑے شہروں کے درجنوں علاقوں میں لاک ڈاؤن
ہفتہ 27 مارچ 2021 21:41
کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں کے مزید درجنوں علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی سیکریٹری سارہ اسلم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیصل آباد، گجرات، ملتان اور لاہور کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد کے 19، گجرات کے چار، ملتان کے دو اور لاہور کے مزید 27 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔
فیصل آبا د میں کوہ نور ٹاؤن، خیابان کالونی نمبر 2 اور 3 کینال روڈ، حسن ویلاز، ایڈن ویلی، ایڈن گارڈن، ایگزیکٹو بلاک، سید کالونی، پیپلز کالونی نمبر 1، آفیسرز کالونی 1 اور 2 کو بند کر دیا گیا ہے۔ عبداللہ گارڈن، ماڈل سٹی، مدینہ ٹاؤن، ٹیک ٹاؤن، امین ٹاؤن، ضیاء ٹاؤن، رضا ٹاؤن، رضا گارڈن، فیصل ٹاؤن اور فصیل گارڈن میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ گجرات میں یونیورسٹی روڈ، لین نمبر1 حافظ حیات کیمپس، محلہ غریب پورہ اور گاؤں سانتل حاجی والا میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
ملتان میں بنگلہ رب نواز خونی برج اور مدینہ کالونی کے علاقے کو بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں ایف 2 بالاک جوہر ٹاؤن، جی بلاک، این بلاک، پی آئی اے سوسائٹی، آرکیٹکٹ سوسائٹی، این ایف سی سوسائٹی،بی بلاک پریس کلب سوسائٹی،ایف ایف بلاک، سی سی بلاک فیز 4 ڈی ایچ اے میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
سارہ اسلم نے بتایا کہ لاہورمیں جی بلاک ڈی ایچ اے فیز 5، چوہدری پارک رشید روڈ، سادی پارک مزنگ، سی بلاک ماڈل ٹاؤن، بی بلاک ماڈل ٹاؤن، احمد بلاک گارڈن ٹاؤن کے علاقے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
جب کہ گلبرگ تھری میں بی بلاک، ڈی بلاک، سٹیٹ لائف ہاؤسنگ سوسائٹی، اے بلاک بینکرز سوسائٹی، ایل بلاک ویلینشیا ٹاؤن اور مسلم پارک شاہدرہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ علامہ اقبال ٹاؤن میں رضا بلاک، کامران بلاک، کریم بلاک، نرگس بلاک، گلشن بلاک، کالج بلاک اور گلشن راوی جی بلاک میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔
سیکریٹری صحت کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹوران، دفاتر(نجی اور سرکاری) بند رہیں گے۔
’علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔‘
ساری اسلم نے بتایا کہ ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل سٹور، لیبارٹریاں، کولیکشن پوائنٹس، ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
ملک شاپس،چکن اور گوشت/مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح سات سے شام سات بجے تک کھلی رہیں گی۔ گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دوکانیں، تندور اور پیڑول پمپس نو بجے سے شام سات بجے تک کھلی رہیں گی۔