قافلہ نبوی کی پیروی میں ہجرت کے راستے پر سفر کی مہم
’توقع ہے کہ ٹیم قافلہ نبوی کی پیروی کرتے ہوئے کل پیر کو قبا پہنچے گی‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک ہجرت کے راستے پر سفر کرنے والی ٹیم مہم پر روانہ ہوچکی ہے اور توقع ہے کہ کل پیر کو اپنی منزل تک پہنچ جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رضا کاروں کی ٹیم کی قیادت عبد الحافظ القریقری کر رہے ہیں، ان کے ساتھ عمرو درویش، حسن عبد الشکور اور سمیر براقہ بھی ہیں۔
ہجرت کے راستے پر سفر کرنے والی ٹیم میں دیگر نوجوان بھی شامل ہیں جنہوں نے 7 دن اور 8 راتوں میں ہجرت کے راستے پر چل کر سفر طے کرنا ہے۔
ٹیم نے کہا ہے کہ ’سفر کا آغاز گزشتہ پیر کو غار حرا سے ہوا تھا، وہاں سے شمال کی طرف وادی العویجا گیے، بعد ازاں بدھ کو فجر کے وقت ثول پہنچے جہاں وادی کو عبور کرتے ہوئے خیمہ ام معبد سے ہوتے ہوئے شمال کی طرف ساحل کا رخ کیا‘۔
’وادی ذی دوران کے قریبی علاقے میں قافلہ نبوی کو سراقہ نے پالیا تھا، یہیں رسول اکرمﷺ نے سراقہ کو امان نامہ لکھ کر دیا تھا‘۔
’اگلے دن ٹیم قافلہ نبوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وادی سلیا پہنچی، وہاں سے وادی قربہ، دفینہ اور دفین سے ہوتی ہوئی الکوثر علاقے پہنچی جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کی گئیں‘۔
ٹیم نے کہا ہے کہ ’آج اتوار کو ٹیم وادی العرج پہنچی ہے جہاں مغرب کے قریب رکوبہ نامی علاقے میں ہو گی، یہاں رات کو قیام کرے گی‘۔
’توقع ہے کہ کل پیر کی صبح ٹیم قافلہ نبوی کے نقش قدم پر چل کر اپنی آخری منزل قبا پہنچے گی‘۔