Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون نے قہوے اور گلدستے کی ہوم ڈلیوری شروع کردی

طویل عرصے سے وہ قہوے کا کاروبار کررہی ہیں۔(فوٹو سبق)
سعودی خاتون مریم الغنامی نے تبوک میں گلاب فروشی کے کاروبار کو جدت دی ہے۔ اپنی کار میں گلدستے تیار کرکے اپنی گاہکوں کو ان کے گھروں تک پہنچا رہی ہیں۔
ایم بی سی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم الغنامی نے  بتایا کہ انہیں قہوہ اور گلاب کافی عزیز ہیں۔ طویل عرصے سے وہ قہوے کا کاروبار کررہی ہیں۔
سعودی خاتون  نے بتایا کہ خواب تھا کہ  قہوے اور گلاب کے پھول گاہکوں کو ان کے گھروں تک پہنچاوں لیکن خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہورہا تھا۔
اب جبکہ اس کی اجازت مل گئی ہے تو اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے قہوے اور گلدستوں کی ہوم ڈلیوری سروس شروع کردی ہے۔ 
الغنامی نے بتایا کہ جب گلدستہ کسی گاہک کو پہنچاتی ہوں تو اس کی خوشی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ گاہک واٹس ایپ، سنیپ چیٹ اور انسٹا گرام پر شکریہ کے پیغامات بھیجتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے۔ 
مریم الغنامی نے بتایا کہ  گلاب اور قہوے کے گاہک مختلف عمر کے ہوتے ہیں۔ مثلا کوئی ماں اپنی اولاد کو تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر گلدستے کا تحفہ پیش کرنا چاہتی ہے یا کوئی بیوی اپنے خاوند کو اچانک خوبصورت تحفہ دے کر حیران کرنا چاہتی ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ  قہوے اور گلدستوں کے تحائف کو نئے رنگ و شکل میں پیش کرنے کے نت نئے تجربات کرتی رہتی ہوں۔ 
سعودی خاتون کا کہنا ہے کہ قہوہ اور گلاب فروشی کا کام بارہ مہینے چلتا ہے اور سعودی عرب میں اس کا مستقبل بے حد روشن ہے۔ یہاں سال بھر مختلف قسم کی تقریبات ہوتی رہتی ہیں۔ 

شیئر: