Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں رمضان کے دوران زائرین کے لیے کیا انتظامات ہیں؟

مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان کے دوران افطار کے حوالے سے خصوصی طریقہ کار تیار کیا ہے۔ (فوٹو مسجد نبوی ٹوئٹر)
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان میں زائرین کے استقبال کے لیے انتظامات تیز کر دیے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ادارے  ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی  کے زائرین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے خصوصی انتظامات کر رہے ہیں۔
کورونا وبا کے پیش نظر مسجد نبوی میں وبا سے بچاؤ اور صحت سلامتی کا معیار بلند کیا جا رہا ہے۔ مسجد نبوی کے اطراف اور ماتحت عمارتوں میں بھی  خصوصی انتظامات ہو رہے ہیں۔

ٹیکنیکل عملہ سمارٹ روبوٹ کو کنٹرول کرے گا- (فوٹو مسجد نبوی ٹوئٹر)

مسجد نبوی کی انتظامیہ نے  رمضان  کے دوران نمازیوں اور زائرین میں آب زمزم کی تقسیم کا بھی بندوبست کیا ہے۔ روزانہ آب زمزم کی ایک لاکھ بوتلیں تقسیم کی جائیں گی۔ 
مسجد نبوی کی پرانی عمارت میں 450 قالین بچھائے جا رہے ہیں۔ قالینوں کی سینیٹائزنگ اور ایک نماز سے دوسری نماز اور ایک زیارت سے دوسری زیارت کے وقفے کے دوران سینیٹائزنگ ہنگامی بنیادوں پر ہوگی۔
مقررہ پروگرام کے مطابق روضہ شریفہ میں نماز اور زیارت یکم رمضان سے  صرف وہی زائرین کرسکیں گے جو یا کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے یا پہلی خوراک پر 14 دن گزر چکے ہوں گے۔ ایسے لوگوں کو بھی زیارت اور نماز کی اجازت ہوگی جو کورونا وائرس سے شفایاب ہوگئے ہوں۔ 
توکلنا ایپ کے ذریعے ہر ایک کی صورتحال چیک کی جائے گی۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان کے دوران افطار کے حوالے سے خصوصی طریقہ کار تیار کیا ہے۔ اس سال افطار انفرادی شکل میں ہوگا۔ افطار کھجور اور پانی تک محدود رہے گا۔ متعلقہ ادارے اس کا اہتمام کریں گے۔
کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے نمازیوں کو کھجور اور پانی سے افطار کرایا جائے گا۔ سماجی فاصلے کی پابندی کرائی جائے گی۔ مسجد نبوی میں سکیورٹی اداروں کے تعاون سے  منفی سرگرمیوں کو روکا جائے گا۔ 

مسجد نبوی کے نئے صحنوں میں نماز ہوگی- (فوٹو مسجد نبوی ٹوئٹر)

مسجد نبوی کے کسی بھی حصے میں رمضان  کے دوران زائرین اور نمازیوں میں سحری کی تقسیم پر پابندی ہوگی۔ آخری عشرے میں اعتکاف بھی نہیں ہوگا۔ مسجد نبوی کے نئے صحنوں میں نماز ہوگی۔ نمازیوں اور زائرین کی سلامتی کی خاطر دن کے وقت سورج کی تپش کے پیش نظر نئے صحنوں میں نمازیوں کی قافلہ بندی نہیں ہوگی۔
مسجد نبوی کے صحنوں اور راہداریوں میں زائرین اور نمازیوں کو  منظم شکل میں آنے جانے دیا جائے گا۔ 15 برس سے کم عمر کے بچوں کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسجد نبوی کی پارکنگ سے نکلتے وقت ’موقف ایپ‘ استعمال کرنا ہوگی۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹ کا انتظام کیا ہے۔ اس سے زائرین کی صحت و سلامتی متاثر نہیں ہوگی۔ ٹیکنیکل عملہ سمارٹ روبوٹ کو کنٹرول کرے گا جس سے مقررہ وقت میں سینیٹائزنگ کا عمل مکمل ہوگا۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: