Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک لبیک کے سربراہ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج، کئی شہروں میں سڑکیں بند

تحریک لبیک نے گزشتہ دو برس کے دوران کئی بار احتجاجی مظاہروں میں پنجاب کے بڑے شہروں کو بند کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں مذہبی جماعت تحریک لیبک کے کارکنوں نے صوبہ پنجاب کے متعدد شہروں میں احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر ٹریفک معطل کر دی ہے۔
پیر کو تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور میں حراست میں لیے جانے کے بعد جماعت کے کارکن کئی شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق لاہور سے موٹر وے کو ملانے والے چار راستے احتجاج کے باعث بند ہیں۔

 

اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق لاہور شہر کے اندر بھی بڑی سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں ٹریفک جام ہے اور لوگوں کا دشواری کا سامنا ہے۔  
راولپنڈی میں تحریک لیبک کے کارکن مری روڈ پر احتجاج کر رہے ہیں اور شہر میں چلنے والی میٹرو بس سروس معطل ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے درجنوں افراد نے فیض آباد سے صدر کو جانے والی راولپنڈی کی مری روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر رکھا ہے۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد سے پشاور جانے والی جی ٹی روڈ پیر کی شام ٹیکسلا انڈرپاس کے مقام پر احتجاج کے باعث بند رہی۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی شاہراہ این فائیو کا لاہور اوکاڑہ سیکشن لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب عوامی احتجاج کی وجہ سے بند ہے۔
خیال رہے کہ تحریک لبیک نے حکومت سے فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔

شیئر: