سعودی عرب کی رنیہ کمشنری میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے وڈیو کلپ سوشل میڈیا پروائرل ہوگئے۔
اخبار 24 کے مطابق وڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رنیہ کمشنری کی شاہراہوں پر ژالہ باری ہورہی ہے۔ لگتا ہے کہ سڑکوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
وڈیو کلپس میں مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش سے پیدا ہونے والے سیلاب کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔
موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی تھی کہ بدھ کو ریاض، الشرقیہ اور القصیم میں مختلف مقامات پر گرد آلود ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا کہ نجران، جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ کے بالائی علاقے بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے متاثر ہوں گے۔