مسجد نبوی میں زائرین کی سہولت کےلیے ’ڈیجیٹل نقشہ ‘
مسجد نبوی میں زائرین کی سہولت کےلیے ’ڈیجیٹل نقشہ ‘
جمعرات 15 اپریل 2021 11:04
نقشے میں خالی مقامات کی نشاندہی مختلف رنگوں کے ذریعے کی گئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ماہ رمضان کے آغاز سے ہی مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ نے زائرین اور آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل معلوماتی نقشہ جاری کر دیا ہے ۔
الیکٹرانک نقشے کے ذریعے باآسانی معلوم کیا جا سکے گا کہ مسجد نبوی الشریف میں کہاں جگہ ہے اور کس جگہ مزید افراد کی گنجائش نہیں ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق معلوماتی نقشہ اردو، انگلش اور عربی میں جاری کیا گیا ہے جس کا ایڈرس https://t.co/G4rIlRSxI1?amp=1ہے۔
مسجد نبوی الشریف آنے سے قبل اس نقشے کے ذریعے باآسانی جگہ کے بارے میں معلوم کیا جا سکے گا۔ معلومات کے لیے مختلف رنگوں کے ذریعے نشاندہی کی جاتی ہے۔
سبز رنگ اس امر کی علامت ہے کہ یہاں جگہ خالی ہے، پیلا رنگ یہ ظاہر کرتا ہے کہ جگہ تقریبا بھر چکی ہے۔ جبکہ سرخ رنگ مصرف مقام کی علامت ہے اور سرمئی رنگ کا مطلب ہے کہ جگہ خالی نہیں۔
مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے ڈیجیٹل نقشے سے رمضان المبارک میں نماز باجماعت اور تراویح کے لیے آنے والوں کو کافی سہولت ہوگی اور وہ براہ راست اس مقام پر جا سکیں گے، جہاں جگہ خالی ہو گی۔
نقشے میں مقامات کی نشان دہی کرتے ہوئے انہیں ایک سے 8 تک نمبردیئے گئے ہیں جن نمبر 1 مسجد نبوی الشریف کا اندرونی حصہ، 2 خواتین کے لیے مشرقی سمت والا حصہ ، 3 خواتین کے لیے مغربی سمت والا حصہ، 4 مشرقی صحن کا علاقہ، 5 شمالی صحن، 6 مغربی صحن، 7 ، مغربی صحن برائے خواتین، 8 مغربی صحن کا نیا حصہ اور چھت ہیں ۔
ڈیجیٹل نقشے سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ کس حصہ میں نمازیوں کی تعداد پوری ہے اور کہاں مزید افراد کی گنجائش ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ سہولت کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جاری کی گئی ہے، تاکہ مسجد میں آنے والے افراد کے لیے جگہ تلاش کرنا آسان ہو اورمسجد میں مقررہ گنجائش سے زائد افراد نہ آئیں۔