’فرانسیسی شہری عارضی طور پر پاکستان چھوڑ دیں‘
جمعرات 15 اپریل 2021 13:29
تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو گرفتار کے بعد پرتشدد احتجاجی مظاہرے ہوئے: فوٹو اے ایف پی
پاکستان میں فرانسیسی سفارت خانے نے اپنے شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑ کر جانے کی ہدایت کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ فیصلہ رواں ہفتے پاکستان میں ہونے والے پرتشدد فرانس مخالف مظاہروں کے بعد کیا گیا ہے۔ جنہوں نے ملک کے کئی بڑے شہروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔
سفارت خانے نے جمعرات کو فرانسیسی شہریوں کے نام ایک ای میل میں کہا ہے کہ ’پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو سنگین خطرے کے پیش نظر ، فرانسیسی شہریوں اور فرانسیسی کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑ کر جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔‘
خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے پرتشدد احتجاج کے بعد بدھ کو حکومت نے اس پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا اور جعمرات کو وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔
تحریک لبیک کے کارکنوں کے احتجاج کے نتیجے میں ملک کی بڑی شاہراؤں اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں دو دن خلل پڑا جبکہ متعدد مقامات پر پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں پنجاب پولیس کے دو اہلکار ہلاک ہوئے۔
مذہبی سیاسی جماعت کی جانب سے کارکنان کو سڑکوں پر نکلنے کی کال اس وقت دی گئی جب پیر کی شام لاہور سے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو گرفتار کیا گیا۔
حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان تنازع اس وقت شروع ہوا جب گزشتہ برس فرانس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کے اشاعت کے خلاف ٹی ایل پی نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
احتجاج کے دو دن بعد معاہدے میں حکومت نے ٹی ایل پی قیادت کو تحریری یقین دہانی کرائی تھی کہ فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ کے اندر ملک بدر کردیا جائے گا، فرانس میں پاکستان کا سفیر تعینات نہیں ہوگا، تمام فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا، تحریک لبیک کے گرفتار کارکنان کو فوری رہا کردیا جائے گا بعدازاں اس مارچ کے شرکا پر کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا جائے گا۔
معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے پر ٹی ایل پی کی قیادت نے 21 اپریل کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔
تاہم پیر 12 اپریل کو وفاقی وزیر شیخ رشید احمد اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ہونے والی ملاقات کے چند گھنٹے بعد تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا.
اس گرفتاری کے بعد ملک کے بڑے شاہراؤں پر تحریک لبیک کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔