Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کا حادثہ یا جنرل انشورنس کلیم، تاخیر پر شکایات کہاں درج کرائیں؟ 

کسی بھی انشورنس کمپنی یا مالیاتی ادارے سے کسی بھی قسم کی شکایت ہونے کی صورت میں ساما کیئر کے پورٹل پر اپنے اکاونٹ کے ذریعے لاگ ان کیا جائے: فوٹو فری پکس
سعودی عرب میں انشورنس کمپنیوں کی جانب سے بعض اوقات کلیم حاصل کرنے کے لیے صارفین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے لیے سعودی مرکزی بینک کی جانب سے صارفین کا شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کے لیے ’ساما کیئر‘ کا خصوصی پورٹل لانچ کیا ہے۔ 
ساما کیئر کیا ہے؟ 
سعودی مرکزی بینک کی جانب سے مالی لین دین اور دیگر معاملات کے حوالے سے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لیے اپنی ویب سائٹ پرخصوصی پورٹل ’ساما کیئر‘ کے نام سے جاری کیا ہے جس کا مقصد مالی معاملات میں صارفین کی پریشانیوں کو حل کیا جائے۔ 
ساما کیئر کا پورٹل اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ہمارا ہدف صارفین کی پریشانیوں اور شکایات کا ازالہ کرنا اور انہیں مختصر وقت میں حل کرتے ہوئے فریقین کے مابین انصاف اور شفافیت پرمبنی فیصلہ کرنا ہے۔ 
ساما کیئر کے پورٹل پر انشورنس کمپنیز، مالیاتی ادارے اور قرضے فراہم کرنے والی کمپنیوں کے صارفین کو پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لیے مختلف براؤز دیے گئے ہیں۔
عربی سے ناواقف افراد کےلیے انگلش میں بھی درخواست دائر کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 
شکایت کرنے کا طریقہ 
ساما کیئر کے پورٹل پر لاگ ان کرنے کے بعد وہاں اپنا اکاونٹ بنایا جاتا ہے۔ اکاونٹ کا پاس ورڈ محفوظ رکھیں تاکہ جب بھی ضرورت ہو اس کے استعمال کیا جا سکے۔ 
کسی بھی انشورنس کمپنی یا مالیاتی ادارے سے کسی بھی قسم کی شکایت ہونے کی صورت میں ساما کیئر کے پورٹل پر اپنے اکاونٹ کے ذریعے لاگ ان کیا جائے۔ 
سعودی مرکزی بینک کی جانب سے انشورنس کمپنیز کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ صارف کے کلیم داخل کرنے کے 15 دن کے اندر مناسب جواب دیں۔
مذکورہ دوہفتے کی مدت گزرنے کے بعد صارف کا حق ہے کہ وہ اپنے کلیم کی مدت میں ہونے والی تاخیر کے حوالے سے شکایت دائر کرسکتا ہے۔ 
عام طورپر لوگوں کو گاڑیوں کے حادثات پر ہونے والی انشورنس کلیم میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس حوالے سے ’ساما کیئر‘ کے پورٹل پر گاڑیوں کے حادثات پر کلیم یا جنرل انشورنس، ہیلتھ انشورنس کے بارے میں شکایات کے جدا جدا براؤز دیے گئے ہیں۔ 
شکایت کنندہ اپنے مطلوبہ سیکشن کا انتخاب کر کے وہاں اپنی شکایت درج کر سکتا ہے جس کے لیے انگلش کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ 
گاڑی کے حادثے کی صورت میں کلیم کی ادائیگی میں 15 دن سے زیادہ تاخیر ہونے پر’ساما کیئر ‘ کے پورٹل پر شکایت درج کرنے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے دیئے گئے کلیم فارم کی فوٹو بھی اپ لوڈ کی جائے تاکہ دستاویزی ثبوت مکمل ہو۔ 
ساما کیئر کی جانب سے 3 ورکنگ دنوں کے اندر مذکورہ کمپنی سے رابطہ کرکے شکایت کا ازالہ کرنے کی درخواست کی جاتی ہے ۔ 

کمپنی کی جانب سے موصول ہونے والا جواب صارف کو ارسال کیا جاتا ہے اگر صارف اس سے مطمئن ہے تو وہ شکایت ختم کر سکتا ہے بصورت دیگر شکایت کو جاری رکھنے کا بھی آپشن پورٹل پر موجود ہے۔ 
یاد رہے ساما کیئر کی جانب سے شکایات کےلیے ٹول فری نمبر8001256666 بھی جاری کیا گیا ہے جہاں عربی اور انگلش کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ٹول فری نمبر پرکال کرنے سے قبل بہتر ہے کہ پورٹل پرشکایت درج کی جائے جہاں سے ملنے والا ریفرنس نمبر کے ذریعے ٹول فری نمبر پر کال کر کے معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کرنا آسان ہوتا ہے۔ 

شیئر: