Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں پالتو شیر نے مالک کو ہلاک کردیا

شیر کی عمر 4 برس تھی جو کافی عرصے سے نوجوان کے پاس تھا(فوٹو، اخبار24 )
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض  میں پالتو شیر نے مالک کو ہلاک کردیا۔ سعودی نوجوان شیر کی تربیت کررہا تھا کہ اچانک اس نے مالک کو اپنے پنچوں میں جکڑ لیا۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق واقعہ ریاض کے علاقے ’السلی ‘ میں پیش آیا جہاں عبدالرحمان نامی 25 سالہ نوجوان نے جمعرات کے روز اپنے پالتو شیر کو تربیت دینے کےلیے اسے پنجرے سے نکالا ہی تھا کہ اچانک شیر نے اپنے مالک پرحملہ کردیا۔
شیر نے نوجوان کو اپنے پنچوں میں اتنی سختی سے جکڑا کہ وہ خود کو چھڑا نہ سکا ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے شیر کو فائرنگ کرکے ہلاک کرکے اس کے پنچوں سے نوجوان کو آزاد کرایا مگر وہ ابتدائی طبی امداد ملنے سے قبل ہی زخموں کی تاب  نہ لاتے ہوئے چل  بسا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ زیر تربیت پالتو شیر کی عمر چار برس تھی جو کافی عرصہ سے مذکورہ نوجوان کے پاس تھا۔
واضح رہے یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی جدہ کے ایک تفریحی پارک میں پیش آیا تھا جب ایک بچی کو شیر نے زخمی کردیا تھا۔

شیئر: