قرنطینہ کی خلاف ورزی پر2 لاکھ ریال جرمانہ اور2برس قید کی سزا دی جاسکتی ہے
مشرقی ریجن کے پولیس ترجمان کرنل محمد شار الشھری نے کہا ہے کہ الخبر میں کورونا وائرس میں مبتلا 4 افراد کو قرنطینہ کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجنل پولیس ترجمان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ الخبر میں پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرکے انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کردیا۔
گرفتار شدگان پر الزام تھا کہ انہوں نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود کو تنہا کرنے اور ’قرنطینہ‘ کے اصول کی خلاف ورزی کی تھی جس سے وائرس کی منتقلی کا اندیشہ پیدا ہوگیا تھا۔
کورونا کے مریض کو قرنطینہ میں رکھنے کے لیے ڈیجیٹل کڑا دیاجاتاہے(فوٹو، ٹوئٹر)
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں قرنطیہ میں رہنے کی ہدایت کی تھی مگر انہوں نے اس کی خلاف ورزی کی ۔ الزام درست ہونے پر انہیں حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مریضوں کا عوامی مقامات پرجانا قانون شکنی ہے جس پر 2 لاکھ ریال یا دو برس تک قید یا دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
خیال رہے وزارت صحت کی ایپ ’توکلنا‘ اور ’صحتی‘ پر ایسے افراد کی نشاندہی کی جاتی ہے جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوجائے ۔ جبکہ ’تباعد‘ ایپ کےذریعے کسی ایسے شخص کی نشاندہی ممکن ہے جو کورونا وائرس میں مبتلا ہو۔
تباعد ایپ سے اطراف میں کورونا کے مصدقیہ کیسز کے بارے میں معلوم ہوتا ہے(فوٹو،ٹوئٹر)
کورونا کی تصدیق ہونے پر مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے اس دوران انہیں خصوصی ’بینڈ ‘ دیا جاتا ہے اگروہ قرنطینہ کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو اس صورت میں ڈیجیٹل کڑا فوری طورپرکنٹرول روم کو سگنل ارسال کردیتا ہے جہاں سے اس شخص کے بارے میں پولیس کو مطلع کیاجاتاہے