Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں حفاظتی لباس میں شادی کے پھیرے، ’اتنی بھی کیا جلدی تھی‘

شادی سے ایک دن پہلے دلہے کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
کورونا وائرس کی عالمی وبا نے جہاں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں سماجی تہواروں، شادی بیاہ کی رسومات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر آئے روز صارفین عالمی وبا کے دوران ہونے والے غیر معمولی واقعات پر تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
مہنگے ملبوسات میں ہونے والی شادیاں تو بہت دیکھی گئی ہیں لیکن سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر انڈیا کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں مدھیہ پردیش میں ہونے والی ایک شادی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جوڑا پی پی ای کٹس پہن کر شادی کی رسومات ادا کر رہا ہے جبکہ ایشیئن نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق ایک دن پہلے ہی دولہے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
 اسی حوالے سے علاقے کے تحصیلدار نوین گرگ کا کہنا تھا کہ 19 اپریل کو دولہے کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ’ہم شادی روکنے کے لیے یہاں آئے تھے لیکن سینیئر عہدیداروں کی درخواست اور رہنمائی پر شادی کرنے کی اجازت دی گئی۔ جوڑے کو پی پی ای کٹ پہننے کے لیے دیا گیا تاکہ انفیکشن نہ پھیلے۔‘
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے، صارف پرسناسمہا نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ان سٹنٹ شادیوں کی طرح ہے جیسے جہاز سے کودتے ہوئے شادی کرنا یا سکائی ڈائیونگ۔ کیوں۔ کیونکہ ہم یہ کر سکتے ہیں۔‘

کچھ صارفین نے کورونا کی بگڑتی صورتحال میں شادی کی رسومات ادا کرنے پر جوڑے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
 صارف ڈیزائر ورلڈ نے لکھا کہ ’یہ وہ وجوہات ہیں جس نے اس وقت انڈیا میں تباہی مچائی ہوئی ہے، صرف وزیر اعظم مودی کو کیوں الزام دیا جائے، یہ جرم ہے، دولہے کو گرفتار کیا جائے۔‘

کچھ صارفین نے اس جوڑے کی شادی کو رشتہ داروں کی جلدی سے جوڑا اور لکھا کہ ’جب آپ کے رشتہ داروں کو آپ کی صحت سے زیادہ آپ کی شادی کی فکر ہو تو ایسی صورتحال میں بھی شادی کرنی پڑ جاتی ہے۔‘
جبکہ بہت سے صارفین یہ سوال کرتے دکھائی دیے کہ آخر اتنی جلدی کس بات کی تھی۔

واضح رہے کہ منگل کو مزید دو ہزار 771 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے۔
انڈیا میں کذشتہ کئی دنوں سے کورونا وائرس کے تین لاکھ سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ حکام نے کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے نمٹنے کے لیے فوج کی مدد بھی طلب کی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں انڈیا میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 23  ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

شیئر: