السعودیہ: کنفرم ٹکٹوں کی ری شیڈولنگ اور دوبارہ اجرا پر عائد فیس ختم
ٹکٹوں کی ری شیڈولنگ اور ریفنڈنگ کی سہولت کورونا کے باعث جاری کی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودیہ ایئرلائن نے کنفرم ٹکٹوں کی ری شیڈولنگ اور دوبارہ اجرا پرعائد فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فیس ختم کرنے کا اطلاق ایسے ٹکٹوں پربھی ہوگا جو 27 اپریل 2021 سے 31 مئی 2021 تک کےلیے جاری کیےگئے تھے جبکہ ایسے کنفرم ٹکٹ جو 27 اپریل سے 31 دسمبر 2021 تک کے لیے تھے وہ بھی اس سہولت میں شامل ہو ں گے۔
فضائی کمپنی السعودیہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ ٹکٹ جو 24 جنوری سے 18 دسمبر 2020 تک کےلیے جاری کرائے گئے تھے مگر استعمال نہ ہوسکے ان کی ری بکنگ یا روٹ کی تبدیلی کی سہولت ایک بار دی جائے گی جس کے لیے اضافی چارجز وصول نہیں کیے جائیں گے البتہ روٹ کی تبدیلی کے لیے جو اضافی کرایہ کا فرق ہوگا وہ ادا کرنا ہوگا۔ ٹکٹوں پر بھی رعایت 31 دسمبر 2021 تک کی بکنگ کےلیے ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ ٹکٹ جو 18 دسمبر2020 کے بعد جاری کرائے گئے ہوں گے وہ بھی بغیر کینسلیشن فیس کے ایک سے زائد بار جاری کرائے جاسکتے ہیں جو 31 دسمبر2021 تک کےلیے کارآمد ہونگے تاہم روٹ کی تبدیلی پرعائد ہونے والا فرق ادا کیاجائے گا۔
وہ ٹکٹ جنہیں استعمال نہیں کیا گیا ان کی ری فنڈنگ کی پالیسی کے تحت رقوم لوٹائی جائے گی جس میں ٹیکس کی رقم شامل نہیں ہوگی جو ناقابل واپسی ہوتی ہے۔
ایسے کنفرم ٹکٹ جن کی بکنگ 27 اپریل 2021 سے 31 مئی 2021 تک کےلے ہو گی وہ بھی ری شیڈول کرائے جاسکتے ہیں تاہم روٹ کی تبدیلی کی صورت میں فرق ادا کرنا ہوگا۔
ٹکٹوں کی ری شیڈولنگ اور ریفنڈنگ کی سہولت موجودہ کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے جاری کی گئی ہے جو کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی دی جارہی ہے۔