Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کے ہسپتال سے اغوا کیا گیا نومولود بازیاب، غیر ملکی خاتون گرفتار

پولیس کے مطابق اغوا کار عورت سے مزید تحقیقات جاری ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں مکہ پولیس نے ہسپتال سے اغوا ہونے والے نومولود کو بازیاب کر کے اغوا کار غیر ملکی عورت کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے مغوی ’برمی‘ نومولود کو ہسپتال پہنچا دیا جبکہ اغوا کار عورت سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 
ویب نیوز سبق سے گفتگو کرتے ہوئے نومولود کے ماموں کا کہنا تھا کہ ’میری بہن ولادت سے قبل ہسپتال جایا کرتی تھی اس دوران اس کی ملاقات ہماری ہی کمیونٹی کے ایک خاتون سے ہوئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’عورت نے میری بہن سے اس کا موبائل نمبر یہ کہہ کر لیا کہ ہسپتال میں اس کی واقفیت ہے اور وہ ڈلیوری کے سلسلے میں ہونے والے اخراجات میں رعایت کروا سکتی ہے‘۔ 
ان کہنا تھا کہ ’میری بہن کے یہاں بچی کی ولادت ہوئی اور وہ گھر واپس آئی، تین دن بعد اسی عورت (اغوا کار) کا ٹیلی فون آیا جس میں اس نے بہن کو نومولود کے ساتھ ہسپتال آنے کو کہا تاکہ نومولود کا معائنہ کرانے کے علاوہ بل میں رعایت دلوائی جا سکے۔ 
’میری بہن ہسپتال پہنچی جہاں وہ عورت پہلے سے موجود تھی اس نے بچی کو یہ کہہ کر لیا کہ اس کا معائنہ کرانے کے بعد فارمیسی اور لیبارٹری کے بل میں رعایت کروائے گی۔
نومولود بچی کے ماموں نے بتایا کہ ’عورت بچی کر لے گئی اور کافی دیر تک نہ لوٹی جس پر بہن کو تشویش ہوئی اور اس نے عورت کو فارمیسی اور دیگر کلینکس میں تلاش کیا مگر اس کا کہیں نام ونشان تک نہ تھا جس پر فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جنہوں انتہائی سرعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اغوا کارعورت کا سراغ لگایا اور بچی کو بازیاب کرکے ہمارے حوالے کر دیا۔‘
دریں اثنا پولیس کا کہنا تھا کہ اغوا کارعورت کے خلاف ایف آئی ار درج کر کے اس کا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کر دیا گیا ہے جہاں سے مقدمہ درج کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 

شیئر: