ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل
پاکستان میں کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے فوج بھی سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کی صورت حال پر نظر رکھنے اور پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عید کی تعطیلات کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیموں کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینٹر کے کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان اور وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی۔
این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو ضلع کی سطح پر ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گی۔
آٹھ مئی سے سولہ مئی تک تمام کاروبار اور دکانیں بند رکھی جائیں گی سوائے کھانے پینے، گروسری سٹورز، پیرامیڈکس، پیٹرول پمپس اور بیکریوں کے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ عید کی تعطیلات کے دوران مقامی اور باہر سے جانے والے افراد کے لیے سیاحت پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ تمام سیاحتی مقامات، پکنک سپاٹس، پبلک پارکس، شاپنگ مالز، سیاحتی مقامات پر تمام ہوٹلز اور ریستوران بھی بند رکھے جائیں گے۔
این سی او سی کے مطابق شمالی علاقہ جات، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر، سی ویو، ساحلی مقامات کی جانب جانے والے راستے بھی بند رکھے جائیں گے اور صرف گلگت بلتستان اور کشمیر کے مقامی افراد کو آنے جانے کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے عید الفطر کے موقع پر ایک ہفتے کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
گذشتہ ماہ اپریل کے دوران ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران ریکارڈ اموات ہوئی ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں پاکستان نے افغانستان اور ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں سیل کی ہیں۔