سعودی عرب سے باہر سفر کے لیے سول ایوی ایشن کے ضوابط کیا ہیں؟
توکلنا ایپ کے ذریعے ویکسین ریکارڈ معلوم کیا جائے گا (فوٹو: العربیہ)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی ( سول ایوی ایشن اتھارٹی) نے سعودی شہریوں کے لیے بیرون مملکت سفر کے ضوابط جاری کیے ہیں۔ قومی ایئرلائن سمیت تمام فضائی کمپنیوں کو بیرونی سفر کے ان سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے جو سفری ضوابط جاری کیے ہیں، ان میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے یا پہلی خوراک کے بعد 14 روز گزارنے والوں کو بیرون مملکت سفر کی اجازت ہوگی۔‘
ایئرپورٹس میں داخلے اور ہوائی جہاز پر سوار ہونے سے پہلے توکلنا ایپ کے ذریعے ویکسین ریکارڈ معلوم کیا جائے گا۔
کورونا وائرس سے صحت یاب والے ایسے افراد کو باہر جانے کی اجازت ہوگی جن کے وائرس سے متاثر ہونے کا چھ ماہ سے کم عرصہ گزرا ہوگا۔ اس کا پتہ توکلنا ایپ کے ذریعے لگایا جائے گا۔
18 برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو ایسی صورت میں سفر کی اجازت ہوگی جب وہ سعودی سینٹرل بینک (ساما) سے منظورہ کردہ میڈیکل انشورنس سکیم پیش کریں۔ سکیم میں مملکت کے باہر کووڈ 19 کے خطرات کی کوریج شامل ہو۔
محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’ان ضوابط پر عمل درآمد 17 مئی 2021 اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک بجے سے ہوگا۔‘
یاد رہے کہ ا س سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ’پیر 17 مئی 2021 سے سعودی عرب کے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں شہریوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔ سعودی شہریوں کے بیرون مملکت سفر پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ان افراد کو سفر کی اجازت دی گئی ہے، جنہوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں یا سفر سے کم از کم دو ہفتے قبل ایک خوراک لگوائی یا وہ جو گذشتہ چھ مہینے کے دوران کورونا سے صحت یاب ہوئے یا جن کی عمر 18 سال سے کم ہے۔‘