یمنی سیامی بچے فضائی ایمبولینس سے مملکت پہنچ گئے
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر یمن سے بچوں کو لایا گیا ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر یمن کے سیامی بچوں یوسف اور یاسین کو حضرموت سے سعودی دارالحکومت ریاض لانے کے لیے فضائی ایمبولینس روانہ ہوگئی۔
یمن کے دونوں جڑواں بچوں کا علاج کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں ہوگا۔ طبی معائنے کے تناظر میں فیصلہ کیا جائے گا کہ یوسف اور یاسین کو ایک دوسرے سے علیحدہ کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔
العربیہ چینل نے اپنے خصوصی پروگرام ’الحدث‘ (واقعہ) کی وڈیو کلپ جاری کی ہے جس میں طبی عملہ فضائی ایمبولینس پر سوار ہورہا ہے اور ریاض سے حضرموت کے لیے روانہ ہورہا ہے۔
اس سے قبل بچوں کی ماں نے بتایا تھا کہ سعودی ایوان شاہی نے رابطہ کرکے ہدایت کی تھی کہ اپنا پاسپورٹ تیار کرلیں۔ شاہ سلمان نے جڑواں بچوں کو علاج کے لیے ریاض منتقل کرنے کا فرمان جاری کردیا ہے۔
یہ بھی بتایا کہ یمن میں اس قسم کے آپریشن کی سہولت نہیں ہے۔ سب سے درخواست ہے کہ وہ بچوں کی علیحدگی کے آپریشن کی کامیابی کی دعائیں کریں۔