Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرارے ٹیسٹ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ، 52 رنز پر زمبابوے کے چار آؤٹ

کھیل کے پہلے روز پاکستان نے عابد علی اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت 268 رنز بنائے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر کی سنچری کی بدولت زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔  
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر زمبابوے نے بھی چار وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے ہیں۔
341 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد عابد کا ساتھ دینے نعمان علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔
عابد علی نے نعمان کی مدد سے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی اور آٹھویں وکٹ کے لیے 169 رنز کی شاندار شراکت بھی قائم کی۔
نعمان علی صرف تین رنز کی کمی سے کیریئر کی پہلی سنچری نہ بنا سکے اور چائے کے وقفے کے فوراً بعد 97 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
 ان کی 104 گیندوں پر محیط اس اننگز میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔
پاکستان نے نعمان کے آؤٹ ہوتے ہی پہلی اننگز 510 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔
عابد نے 29 چوکوں کی مدد سے 215 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
ساجد خان 303 کے مجموعے پر 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد رضوان بھی 21 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی صرف 8 گیندیں کھیل کر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
کھیل کے پہلے روز پاکستان نے عابد علی اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت 268 رنز بنائے تھے۔

اظہر علی 126 رنز بنا کر بلیسنگ مزربانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ (فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر)

جمعے کو پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عابد علی اور عمران بٹ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عمران بٹ صرف دو رنز بنا کر ہی رچرڈ نگاروا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ مل بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا۔ دونوں کے درمیان 236 رنز کی شراکت داری بنی۔ اظہر علی نے 198 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: کرک انفو)

لیکن اس کے بعد زمبابوے نے نئے گیند کے ساتھ کھیل میں اچھی واپسی کی اور اظہر علی 126 رنز بنا کر بلیسنگ مزربانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان بابر اعظم صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں بلیسنگ مزربانی نے کیچ آؤٹ کیا۔
ان کے بعد آنے والے فواد عالم بھی پانچ رنز بنا کر مزربانی کی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

شیئر: