’کورونا کے مشتبہ کیسز سے نمٹنے کےلیے طیاروں میں اہلکار تعینات ہوں گے‘
طیارے کی بعض نشستیں قرنطینہ کے لیے استعمال کی جا ئیں گی۔( فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے ترجمان ابراہیم الروسا نے کہا ہے کہ’ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں‘۔
عاجل ویب اور الاخباریہ کے مطابق ترجمان نے اتوار کو پریس کانفرنس میں دوران سفر کسی مسافر کے کورونا میں مبتلا ہونے پر ممکنہ کارروائی سے متعلق استفسار کا جواب دیا ہے۔
الروسا نے بتایا کہ’ طیاروں پر تعینات عملہ اس قسم کے حالات سے نمٹنےکی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور ا نہیں مشکوک کیسز سے نمٹنے کی تربیت دی گئی ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہر طیارے پر سفر کے دوران کورونا کے مشکوک کیسز سے نمٹنے کے لیے بعض نشستیں قرنطینہ کے لیے استعمال کی جا ئیں گی‘۔
محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی مسافر کے بارے میں یہ معلوم ہوجانے پر کہ وہ کورونا وائرس کا ممکنہ مریض ہے اس کی نگہداشت اور نگرانی کےلیے ایک اہلکار تعینات ہوگا جبکہ طیارے کے ایئرپورٹ پر پہنچتے ہی مشتبہ مریض کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ہسپتال میں داخل کرایا جائے گا‘۔
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے لیے نئی گائیڈ بک بھی جاری کی ہے جس میں احتیاطی تدابیرکے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور بری سرحدی چوکیاں پیر سترہ مئی رات ایک بجے سے سعودی شہریوں کے لیے مکمل طور پر کھول دی جائیں گی۔
السعودیہ نے بیان میں کہا ہے کہ ’اس نے 95 ایئر پورٹس میں سے 71 کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں کی ہیں، ان میں 28 ملکی اور43 انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں‘ ۔