چھتیس گڑھ...ریاست چھتیس گڑھ کے شورش زدہ علاقے سکما میں ماو نواز باغیوں سے تصادم میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 11 اہلکار ہلاک ہو گئے ۔حکام کے مطابق ہفتے کی صبح ہونے والی جھڑپ میں 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔پولیس کے مطابق ماو نواز باغیوں نے سڑک پر دھماکے کے بعد چاروں طرف سے حملہ کیا ،جوانوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ 11 اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ریاستی وزیر داخلہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں اضافی پولیس فورس کو روانہ کردیا گیا۔ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔وزیر اعظم مودی نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سکما کے حالات پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ وہ علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں۔ چھتیس گڑھ سمیت دیگر کئی ریاستوں میں ماو نواز باغی سرگرم ہیں۔ حکومت اور سیکیورٹی فورسزکے خلاف کارروائیاں کرتے رہتے ہیں