باحہ کے پارک میں بندروں کا حملہ، نوجوان اور بچہ زخمی
بندروں کے حملے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔(فوٹو المرصد)
سعودی عرب میں باحہ ریجن کے الحسام پارک میں بندروں نے ایک نوجوان اور بچے پر حملہ کرکے زخمی کردیا، وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ پارک میں کئی لوگ سیر کے لیے آئے ہوئے تھے کہ اچانک بندروں کا ایک گروپ ادھر آگیا۔ بندروں نے حملہ کرکے ایک نوجوان اور بچے کو زخمی کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندروں کے حملے میں نوجوان کے ہاتھ پر تین زخم آئے ہیں جبکہ ایک گہرا ہے۔
نوجوان کو علاج کے لیے کنگ فہد ہسپتال ایمرجنسی وارڈ لے جایا گیا ۔ بچے کے ہاتھ اور کمر پر زخم آئے تاہم یہ معمولی ہیں۔
الحسام تفریح گاہ آنے والوں نے مقامی حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کا کوئی حل نکالیں۔اس قسم کے واقعات وقتا فوقتا ہوتے رہتے ہیں۔