نئے ویزا ہولڈر ویکسین کا آن لائن اندراج کرائیں: محکمہ پاسپورٹ
جی سی سی میں شامل ممالک کے شہریوں کے لیے بھی یہی ہدایت ہے۔( فوٹو سیدتی)
سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ نے مملکت آنے والے نئے ویزا ہولڈر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مملکت پہنچنے سے قبل کورونا ویکسین کا اندراج آن لائن کرا لیں۔ یہی ہدایت خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک کے شہریوں کے لیے بھی دہرائی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ ویکسینوں کا اندراج بوابۃ مقیم ای پلیٹ فارم کے ذریعے ہوگا۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ویکسین کے آن لائن اندراج کا فائدہ خود ان لوگوں کو ہوگا جو سعودی عرب نئے ویزے پر پہنچ رہے ہوں گے۔ یہی فائدہ جی سی سی ممالک کے شہریوں کو بھی ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ آن لائن اندراج کرانے والوں کی امیگریشن کارروائی آسان ہو جائے گی۔ تیزی سے کام مکمل ہوگا اور انہیں ایئرپورٹ یا بندرگاہ یا بری سرحدی چیک پوسٹ پر انتظار کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔