سعودی عرب کا انسداد بدعنوانی کیلئے عالمی نیٹ ورک بنانے پر غور
سعودی عرب کا انسداد بدعنوانی کیلئے عالمی نیٹ ورک بنانے پر غور
منگل 1 جون 2021 14:28
اقوام متحدہ کے اجلاس میں انسداد بدعنوانی اتھارٹی(نزاھہ) کا وفد شرکت کرے گا۔ فوٹوعرب نیوز
سعودی عرب، انسداد بدعنوانی ایجنسیوں کے مابین معلومات کے تبادلے کے لئے آپریشنز کا عالمی نیٹ ورک قائم کرنے کی غرض سے 'ریاض انیشی ایٹو' کا آغاز کرنے پر کام کر رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے اطلاع دی ہے کہ جمعرات کو جنیوا میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ہونے والے اجلاس میں نگرانی اور انسداد بدعنوانی اتھارٹی(نزاھہ) کے صدر مازن بن ابراہیم الخموس مملکت کے وفد کی سربراہی کریں گے۔
'ریاض انیشی ایٹو' یا 'ریاض آغازِ کار' کو بین الاقوامی حمایت حاصل ہوئی ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے سیاسی اعلامیہ نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے مختص اس اقدام کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے جسے انسداد بدعنوانی کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عالمی نیٹ ورک 'گلوب نیٹ ورک' کا نام دیا گیا ہے۔
مختلف ممالک کے سفرا، اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کےایگزیکٹیو ڈائریکٹرغدا ولی اور آسٹریا میں متعین سعودی سفیر اور اقوام متحدہ نیز ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے لئے سعودی عرب کے مستقل نمائندے شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان کی موجودگی میں بدعنوانی کے خلاف جنگ سے متعلق متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ریاض انیشی ایٹو نیٹ ورک کا اعلان ایجنڈے میں سرفہرست ہوگا۔ مملکت نے بین الاقوامی سطح پر بدعنوانی سے نمٹنے کی کوششوں کو مستحکم کرنے کے لئے اس نیٹ ورک کی تیاری اور آغازِ کار کے لئے گزشتہ سال جی 20 پریذیڈنسی کے دوران کام کیا تھا۔
ریاض اقدام جی 20 ممالک اور بدعنوانی کے خلاف نبردآزما انٹرپول، ایگمونٹ گروپ، تنظیم برائے اقتصادی تعاون وترقی، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس، عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ جیسی عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر تیار کیا گیا تھا۔
مازن الخموس مملکت کی جانب سے تقریر کریں گے جس میں وہ انسداد بدعنوانی کے لئے بین الاقوامی شراکت داری کو فعال بنانے کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔
ریاض انیشی ایٹو نیٹ ورک کا بنیادی مقصد سرحد پار سے ہونے والے بدعنوانی کے جرائم سے نمٹنے کے لئے ایک تیز اور موثر طریق کار وضع کرنا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں