وہ کیا شرائط ہیں جن کے بغیر فائنل ایگزٹ نہیں لگے گا؟
فائنل ایگزٹ میں 60 روز سے زیادہ کی توسیع نہیں ہوتی۔(فائل فوٹو)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’بل اور حقوق کی ادائیگی کے بغیر فائنل ایگزٹ ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ’ فائنل ایگزٹ کے اجرا کے لیے ضروری ہے کہ تارکین اس کی شرائط پوری کرچکے ہوں۔‘
ان شرئط میں یہ ہے کہ ’موبائل سمیت تمام بلز ادا کردیے گئے ہوں۔ سسٹم میں ان کے نام پر کوئی گاڑی اور کسی کا کوئی حق نہ ہو۔ غیرملکی کے نام سے ماضی میں کوئی غیر مستعمل ویزہ بھی ریکارڈ پر نہیں ہونا چاہیے۔‘
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ ’فائنل ایگزٹ اجرا کی تاریخ سے 60 دن تک موثر رہتا ہے۔ اس دوران اسے مملکت سے سفر کرنا ضروری ہوتا ہے۔‘
’فائنل ایگزٹ ویزے کے اجرا کے لیے ضروری ہے کہ پاسپورٹ 60 روز کے لیے موثر ہو۔ اگر اس سے کم مدت کے لیے پاسپورٹ موثر ہے تو اس میں توسیع کرانا ہوگی۔ فائنل ایگزٹ کے اجرا کے بعد کفیل ھروب نہیں لگا سکتا۔‘
فائنل ایگزٹ میں 60 روز سے زیادہ کی توسیع نہیں ہوتی۔ فائنل ایگزٹ بیرون مملکت رہتے ہوئے جاری نہیں ہوسکتا اور یہ ویزہ بغیر فیس جاری کیا جاتا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق ’فائنل ایگزٹ ویزہ کفیل اپنے ابشر یا مقیم اکاؤنٹ سے منسوخ کرسکتا ہے البتہ اسے منسوخی کی فیس ادا کرنا ہوگی جو سو ریال ہے۔ سفر کی صورت میں فائنل ایگزٹ منسوخ نہیں کیا جاسکتا، تاہم فائنل ایگزٹ پر جانے والا مملکت واپس آنے کے لیے نئے ویزے کی فوٹو کاپی لے کر جاسکتا ہے۔‘