عازمین حج کی رہائش کے لیے انتظامات، مشاعر مقدسہ ٹرین نہیں چلے گی
خیموں اور رہائشی ٹاورز کو مکمل سینیٹائز کیاجائے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج کی جانب سے اس سال داخلی عازمین حج کے لیے تین زمرے مقرر کی گئی ہیں۔ پہلی کیٹگری میں آنے والے منیٰ کی عمارتوں میں رہیں گے جبکہ دوسری اور تیسری کیٹگری کے عازمین خیموں میں قیام کریں گے۔
العربیہ ٹی وی کے پروگرام میں حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزارت حج اس سال اندرون ملک سے جن 60 ہزار عازمین کو حج کی اجازت دے گی ان کی نقل وحرکت کے لیے مشاعرمقدسہ میں بسیں فراہم کی جائیں گی۔
ایام حج میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین سروس استعمال نہیں کی جائے گی جبکہ مشاعر کے خیموں اور رہائشی ٹاورز کو مکمل سینیٹائز کیا جائے گا۔
کورونا ضوابط کے تحت عازمین کی رہائش پر جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا مکمل انتظام کیا جائے گا جبکہ مشاعر مقدسہ میں تین اور مکہ مکرمہ میں 13 ہسپتال عازمین کے لیے مخصوص ہوں گے۔
العربیہ نے رپورٹ میں بتایا کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے تناسب کے حوالے سے تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا تاہم ابتدائی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد وصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لے کر ضوابط پر پورا اترانے والوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
اجازت نامے ’پہلے آیے پہلے پائیے‘ کے بنیاد پر نہیں بلکہ مقررہ اصولوں کے تحت جاری کیے جائیں گے جن میں سب سے اہم کورونا ویکسینیشن ہے جبکہ انہیں ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پہلے حج نہ کیا ہوا یا کم از کم گزشتہ پانچ برس کے دوران حج ادا نہ کیا ہو۔
واضح رہے اس سال وزارت حج نے مملکت کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے 60 ہزار عازمین کو اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
اعلان کے مطابق عازمین حج کے لیے لازمی ہے کہ انہوں نے کورونا ویکیسین کی دونوں یا ایک خوراک حاصل کی ہوئی ہو یا وہ کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہوں۔ شفایابی کا عرصہ چھ ماہ سے زائد نہ ہو۔