جازان میں امام کے کورونا میں مبتلا ہونے پر مسجد عارضی طور پر بند
جازان میں امام کے کورونا میں مبتلا ہونے پر مسجد عارضی طور پر بند
اتوار 13 جون 2021 5:15
وزارت اسلامی امور کے مطابق مسجد کو سینیٹائزنگ کے بعد دیگر نمازیوں کے لیے کھولا جائے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ جازان کی ایک مسجد کے امام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد مسجد کو 48 گھنٹے کے لیے بند کیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ مسجد کو مکمل سینیٹائزنگ کے بعد دیگر نمازیوں کے لیے کھولا جائے گا۔
واضح رہے جازان ریجن کی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے اندر ریجن میں 359 مساجد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں سینیٹائز کرکے کھولا جا چکا ہے۔
قبل ازیں وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سنیچر کو جن تین شہروں کی آٹھ مساجد کو دوبارہ کھولا گیا ہے ان میں چار مساجد مشرقی ریجن جبکہ دو ریاض اور ایک تبوک ریجن میں تھی۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے شہریوں اور تارکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد میں جاتے وقت اپنی جائے نماز ہمراہ لے کر جائیں اور صفوں کے درمیان فاصلے کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے۔
وزارت نے مساجد کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ کسی بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر فوری طور پر وزارت کے متعلقہ شعبے کو اطلاع دی جائے جہاں سے سینیٹائزنگ یونٹ کو بھیجا جائے گا۔