سعودی عرب کا مغربی شہر تنومہ شدید گرمی میں سیاحوں کی جنت
سعودی عرب کا مغربی شہر تنومہ شدید گرمی میں سیاحوں کی جنت
19 جون ، 2021
’یہ شہراپنے قدرتی پرکشش اور طلسماتی سحر کی بدولت سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع تنومہ شہر کو موسم گرما میں سیاحوں کی جنت کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق اس شہر کی ٹھنڈی ہوا، ہرطرف سبزہ، آبشاریں، پہاڑ کی چوٹیوں پر چھائے بادل ملک کے گرم علاقوں میں بسنے والوں کو گرمیوں میں وقت گزرانے کے لیے بہترین موسم فراہم کرتے ہیں۔
تنومہ شہر سروات کی پہاڑی چوٹیوں پر واقع ہے۔ یہ شہر اپنے قدرتی پرکشش اور طلسماتی سحر کی بدولت سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز ہے۔
سیاحتی گائیڈ فہد آل مقبل نے کہا ہے کہ ’تنومہ گورنری عسیر کے علاقے کے شمالی حصے میں واقع ہے۔ ابھا اور تنوما میں فاصلہ 125 کلو میٹر ہے‘۔
’اس شہر کی سطح سمندر سے بلندی 2400 میٹر ہے۔ یہاں پر سال بھر بارشیں ہوتی رہتی ہیں مگر موسم گرما میں ہونے والی بارشیں سیاحوں کے لیے پرکشش موسم ثابت ہوتی ہیں‘۔
’تنومہ ایک قدرتی سیرگاہ ہے جس میں العرعر کے درخت، آبشاریں اور پانی کے چشمے بہ کثرت پائے جاتے ہیں‘۔
مشہور آبشاروں میں ’دھنا‘ اس علاقے کی ایک بہترین مثال ہے۔ اس کے اطراف میں بلند و بالا پہاڑی سلسلے واقع ہیں۔ المحفار، الشلال، الحیفہ، الشرف اور الاربوعہ مشہور آبشاریں ہیں‘۔
’یہاں پرایک تاریخی اورثقافتی اہمیت کا حامل ایک گاؤں ہے۔ عقبہ ساقین، وادی ترج اوراس شہر کے قدرتی حسن سے مالا مال مقامات ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تنومہ شہر ایک زرعی علاقہ ہے جس کی وادیوں میں کئی طرح کی فصلیں، سبزیاں اور موسمی پھل کاشت کیے جاتے ہیں‘۔
’اس علاقے میں آب پاشی کا نظام نہیں تاہم وافر مقدار میں ہونے والی بارشوں کے باعث یہ علاقہ ہمیشہ سرسبز اور شاداب رہتا ہے‘۔