حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن، جمعے کو ناموں کا اعلان ہوگا
پانچ لاکھ سے زیادہ شہری اور مقیم غیرملکی درخواستیں دے چکے ہیں(فوٹو سبق)
اس سال حج کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آخری دن بدھ 23 جون ہے۔ رات دس بجے تک درخواست وصول کی جائے گی۔ جمعے کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ اس سے قبل یہ بتا چکی ہے کہ حج درخواستوں کی منظوری کا اعلان ہوتے ہی جمعہ25 جون دوپہر ایک بجے سے بکنگ اور حج پیکیج کے حصول کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ سنیچر تک پانچ لاکھ سے زیادہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی آن لائن حج درخواستیں دے چکے ہیں۔ 150 سے زیادہ ملکوں سے ان کا تعلق ہے۔ درخواست دہندگان میں 59 فیصد مرد اور 41 فیصد خواتین ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کے اندر سے ہی سعودی شہری اور مقیم غیر ملکیوں کو حج کرنے کی اجازت دی جارہی ہے جن کی مجموعی تعداد 60 ہزار ہوگی۔
حج کے لیے 3 پیکیجز رکھے گئے ہیں جن میں پہلے پیکیج کی قیمت 16560 ریال جو منی ٹاورکا ہے جبکہ دوسرا 14381 ریال اور تیسرا پیکیج 12113 ریال کا ہے دوسرے اور تیسرے پیکیج کے حجاج منیٰ میں خیموں میں قیام کریں گے۔