Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نایاب ہیرا ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پہلی بار پیش 

ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پیش کیا جانے والا یہ دنیا کا پہلا ہیرا ہے (فوٹو العربیہ)
امریکی آکشن کمپنی Sotheby نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولائی میں ناشپاتی کی شکل کا نایاب ہیرا نیلامی کے لیے پیش کرے گی۔ یہ تاریخ میں پہلا ہیرا ہوگا جو کلاسک یا ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ 
العربیہ ٹی وی چینل کے مطابق Sotheby کمپنی نے کہا ہے کہ اس سائز کے ہیرے کو ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈیجیٹل کرنسی میں کوئی قیمتی سامان فروخت نہیں ہوا ہے۔
 101 اعشاریہ 38 کیرٹ کے اس ہیرے کو ’دا کی 10138‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ دنیا بھر میں ایک سو کیرٹ سے زیادہ نیلام ہونے والے کُل 10 ہیروں میں سے ایک ہے۔ 
نیلامی کے دوران اس ہیرے پر 10 سے 15 ملین امریکی ڈالر کی بولی متوقع ہے۔
اس ہیرے کو ہانگ کانگ میں نو جولائی کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت کی ادائیگی کلاسک یا ڈیجیٹل کرنسیوں میں قبول کی جائے گی۔
Sotheby ایشیا کے سربراہ پٹی وونگ کےمطابق یہ ایک تاریخی  لمحہ ہے جب قدیم عیش و آرام کی اشیا سب سے جدید چیز کے ساتھ فروخت کی جائیں گی۔
رواں برس اگرچہ کرپٹو کرنسی کی مارکیٹ میں ایک غیر مستحکم سال رہا ہے، اس دوران اس میں نمایاں اتار اور چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
امریکہ میں مختلف حلقوں نے اس قسم کی کرنسی کو قبولیت کے مراحل طے کرتے دیکھا ہے۔ وسطی امریکی ملک ایل سلواڈور پہلا ملک ہے جہاں بِٹ کوائن کو قانونی کرنسی کی حیثیت ملنے والی ہے۔

ناشپاتی کی شکل کے اس نایاب ہیرے کا وزن101 اعشاریہ 38 کیرٹ ہے۔ فوٹو العربیہ

 گزشتہ مئی میں Sotheby نے پہلی پینٹنگ ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کی تھی جس کی قیمت ایک کروڑ 29 لاکھ ڈالر تھی۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ برس نوجوانوں میں سفید ہیروں، زیورات اور دیگر پرتعیش اشیا کی زبردست مانگ رہی تھی۔
ڈیجیٹل کرنسی میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے اس پہلے ہیرے کو تاریخ 10138 The Key کے طور پر یاد رکھے گی۔
ناشپاتی کی شکل کے اس نایاب ہیرے کی بہت زیادہ مانگ ہے، جبکہ 530 کیرٹ وزنی ’کولیگان‘ کا شمار بھی اسی قسم کے قیمتی ہیروں میں ہوتا ہے جو برطانوی شاہی خاندان کے زیورات کا حصہ ہے۔ 
اس سے قبل Sotheby کے تحت سنہ 2013 میں ہانگ کانگ میں ہونے والی نیلامی میں سب سے مہنگا ہیرا 30.8 ملین ڈالر میں فروخت ہوا تھا جس کا وزن 118.28 کیرٹ تھا۔

شیئر: