امریکی ریاست فلوریڈا میں عمارت گرنے سے چار افراد ہلاک، 159 لاپتہ
امریکی ریاست فلوریڈا میں عمارت گرنے سے چار افراد ہلاک، 159 لاپتہ
جمعہ 25 جون 2021 19:23
حادثے کے وقت کئی رہائشی سو رہے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل میامی بیچ کے قریب واقع ایک رہائشی عمارت جمعے کو جزوی طور پر گر گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 159 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سرف سائیڈ نامی ٹاؤن کی اس 12 منزلہ عمارت کے کئی مکین اس وقت سو رہے تھے جب جمعرات کو اس کا ایک حصہ گر گیا۔
کاؤنٹی کی میئر ڈینی ایلا لیوائن کاوا نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ 'ہمیں 120 افراد کی معلومات مل گئی ہیں جو بہت اچھی خبر ہے۔ لیکن جن افراد کی کوئی اطلاعات نہیں ان کی تعداد بڑھ کر 159 ہو گئی ہے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم افسوس کے ساتھ بتا رہے ہیں کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب چار ہوگئی ہے۔'
اپنے سراغ رساں کتوں کے ساتھ امدادی ٹیمیں تیز بارش کے باوجود حادثے کی دوسری رات بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے تھیں۔
ملبے سے ملنے والی لاشوں کو زرد تھیلوں میں ڈال کر شناخت کے لیے تفتیشی اداروں کے پاس بھیجا جا رہا تھا۔
میئر کا کہنا تھا کہ 'ہم تلاش جاری رکھیں گے کیونکہ ہمیں امید ہے کہ مزید افراد زندہ ملیں گے۔'
حادثے کے بعد صدر جو بائیڈن نے جمعے کو ایمرجنسی نافذ کردی اور فیڈرل حکومت کی متعلقہ ٹیم کو امدادی کارروائی میں ساتھ دینے کے احکامات جاری کیے۔
جمعرات کی رات کو سرف سائیڈ کمیونٹی سینٹر میں لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کے انتظار میں غمناک تھے، جبکہ وہ افراد جو حادثے کے وقت عمارت میں موجود نہیں تھے اچانک بے گھر ہو گئے ہیں۔
عمارت کے رہائشی 40 سالہ ایرک کا کہنا تھا کہ وہ بدھ کی رات اپنی دوست کے گھر تھے اور جب واپس آئے تو عمارت کے ایک حصے کو ملبہ بنا دیکھ کر حیران اور پریشان رہ گئے۔