کارکنوں سے دھوپ میں کام لینے کی 483 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں
’تفتیشی ٹیموں نے فیصلے پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے 1076 تفتیشی دورے کیے‘ (فوٹو: الریاض)
مشرقی ریجن میں کارکنوں سے دھوپ میں کام لینے کی 483 خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت ہیومن ریسورسز نے کہا ہے کہ ’15 جون سے 15 ستمبر تک دوپہر 12 بجے سے تین بجے تک کارکنوں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی ہے۔‘
وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے گذشتہ عرصے کے دوران فیصلے پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لئے 1076 تفتیشی دورے کیے۔‘
وزارت کے مطابق ’ریجن میں 50 فیصد کمپنیاں فیصلے کی پابندی کرتے ہوئے لیبر کو مذکورہ اوقات میں چھٹی دے رہی ہیں۔‘
وزارت کی جانب سے ایک بار پھر تمام کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ اوقات میں لیبر سے کام نہ لیا جائے، خلاف ورزی پر ضابطے کے مطابق کارروائی ہوگی۔