Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ظہران میں سعودی فلموں کے ساتویں فیسٹول کا افتتاح

فلمی فیسٹول سات روز تک جاری رہے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے شہر ظہران میں سعودی فلموں کے ساتویں فیسٹول کا افتتاح ہوا ہے۔
اس کا انتظام فنون وثقافت کی انجمن دمام  نے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کلچرل سینٹر ’اثرا‘ کی شراکت سے کیا ہے۔
وزارت ثقافت کے ماتحت فلم اتھارٹی اس کی سرپرستی کررہی ہے۔  فیسٹول میں فلمسازوں کے علاوہ مقامی، خلیجی اور بین الاقوامی اداکار شریک ہیں۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فلمی فیسٹول سات روز تک جاری رہے گا۔
اثرا سینٹر میں سعودی عرب کی شاہکار فلمیں پیش کی جارہی ہیں- فلموں کے درمیان ایوارڈز کے لیے مقابلہ ہے۔ فلم سازی میں اچھوتے خیالات کا تبادلہ بھی ہورہا ہے۔
اثرا سینٹر کے ایک عہدیدار ڈاکٹر اشرف بافقیہ نے بتایا کہ اس سال فلمی فیسٹول کا مقصد مختلف فلمی تجربات سے تعارف حاصل کرنا ہے تاکہ سعودی فلمساز  نئے تجربات کو بنیاد بنا کر بین الاقوامی معیار پیدا کرسکیں۔
فیسٹول کے ڈائریکٹر احمد الملا نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ  فیسٹول میں فلموں کے شائقین اور فلمساز  ایک جگہ موجود ہیں۔

اس سال فیسٹول کا عنوان ’صحرا کا سینما‘ ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

کورونا کے ماحول میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ فلمی دنیا سے متعلق تمام معلومات زیر بحث لائی جارہی ہیں۔ اس سال فیسٹول کا عنوان ’صحرا کا سینما‘ ہے۔
 انتظامیہ نے اس موقع پر فلمی مکالمہ نگار  مامون حسن، بحرینی ہدایتکار بسام الذوادی کا اعزاز کیا جبکہ جج کمیٹی کے سربراہ سعد الدوسری نے کہا کہ ایسے اسکرپٹ پر بھی ایوارڈ دیے جائیں گے جسے ابھی فلمایا نہیں گیا ہوگا۔
فیسقٹول میں 36 سعودی فلمیں پیش کی جارہی ہیں جبکہ 21 خلیجی فلمیں ہیں۔ چار تربیتی ورکشاپس ہوں گے اور چھ کتابیں شائع ہوں گی۔

شیئر: