Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر کے فلک بوس پہاڑ اور تاحد نظر سرسبز مقامات

جن گیارہ سیاحتی مقامات کا انتخاب کیا گیا ان میں عسیر سرفہرست ہے۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے عسیر ریجن کے فلک بوس پہاڑ تاحد نظر سرسبز مقامات اور سحر آفریں قدرتی مناظر، موسم گرما میں سیاحوں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے اس سال موسم گرما گزارنے کے لیے جن گیارہ سیاحتی مقامات کا انتخاب کیا ہے ان میں عسیر سرفہرست ہے۔ 
عسیر کے تاریخی محل بھی دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔ سیاحتی مقامات ہوں یا تاریخی ہر ایک کی سیر کے لیے جانے والے راستے درختوں کے جھنڈ سے گزرتے ہیں۔

یہ ہر طرف سے سبزہ زاروں میں گھرا ہوا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)

 یہاں رجال المع تاریخی قریہ جو پہاڑ کی چوٹی پر واقع ہے ساڑھے تین سو برس سے زیادہ کی تاریخ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ یہ ہر طرف سے سبزہ زاروں میں گھرا ہوا ہے۔
عسیر ریجن کی ثقافت کے نقوش، اس کی عمارتوں اور سڑکوں سے منعکس ہوتے ہیں۔ یہاں کے باشندے انواع و اقسام کے آرٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔  
عسیر ریجن میں المفتاحۃ قریہ بھی قابل دید مقامات میں سے ایک ہے۔ آپ اسے چھوٹا سا محلہ بھی کہہ سکتے ہیں اور منفرد ثقافتی مرکز کا نام بھی اسے دیا جاسکتا ہے۔ اس کی دیواریں، اس کی تنگ راہداریاں سیاحت کے لیے آنے والوں کا محور بنی ہوئی ہیں۔
عسیر ریجن مہم جوؤں کا بھی مرکز ہے۔ یہاں ایک پہاڑ سے دوسرے پہاڑ اور ایک وادی سے دوسری وادی جانے کے لیے چیئرلفٹ کا استعمال عام ہے۔

سیر کے لیے جانے والے راستے درختوں کے جھنڈ سے گزرتے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

اس کے چار سٹیشن ہیں۔ پہلا سٹیشن ابہا پیلس ہوٹل پر واقع ہے- نیو ابہا چیئرلفٹ سٹیشن بھی ہے۔ تیسرا سٹیشن السودۃ میں ہے- یہاں السودۃ پہاڑ کی چوٹی سے رجال المع قریے کا سفر اسی کے ذریعے طے کیا جاتا ہے۔ چوتھا سٹیشن الحبلہ کا ہے۔ الحبلہ قریے جانے کا واحد راستہ یہی چیئرلفٹ ہے۔ 
یہاں فلک بوس پہاڑوں اور ان پر چھائے بادلوں کے مناظر کا لطف بڑا منفرد ہے۔
ابہا شہر ریستورانوں، قہوہ خانوں اور انواع و اقسام کی سرگرمیوں سے مالا مال ہے۔ آب و ہوا موسم گرما کے دوران معتدل رہتی ہے۔ بارش کی رم جھم سیاحت کے لیے آنے والوں کا لطف دوبالا کردیتی ہے۔

شیئر: