Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کی ویڈیو، ملزمان گرفتار

مختلف طبقہ فکر کے افراد عثمان مرزا کے ساتھ کمرے میں موجود افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ فوٹو فری پکس
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کرنے اور ان پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
بدھ کی رات کو اسلام آباد پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری بیان کے مطابق ’تشدد وائرل ویڈیو کیس میں نامزد چوتھا ملزم بھی گرفتار۔ ملزمان کو مجاز عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ کوئی شخص کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر نہیں ہوتا۔ چند لوگ جھوٹی افواہ پھیلا رہے ہیں کہ ملزمان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے جو حقیقت پر مبنی نہ ہے۔‘
قبل ازیں اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اس بارے میں ٹوئٹر پر کہا تھا کہ اس کیس کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس کے ساتھ متاثرہ لڑکا اور لڑکی کی ویڈیو حذف کرنے کی بھی درخواست کی۔
With special efforts of @syedmustafapsp and @ICT_Police the culprit is arrested. His accomplices are also being arrested. It is once again requested to please delete the videos which show ID of victims. pic.twitter.com/gnaM8GXTT3
 
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کمرے میں کچھ افراد کے درمیان ایک لڑکا اور لڑکی موجود ہیں اور ایک شخص ان کے ساتھ نازیبا سلوک کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جہاں اس واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے وہیں متاثرہ لڑکی اور لڑکے کی شناخت ظاہر کرنے پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے اس بارے میں کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کا واحد حل فوری انصاف ہے۔
'عثمان مرزا اور ان تمام افراد کو گرفتار کر لینا چاہیے اور ان کو بھی جنہوں نے اس جرم کو دیکھا۔ برائے مہربانی ویڈیو اور تصویر شیئر نہ کریں۔'
صحافی اور اینکر انیقہ نثار کا کہنا تھا کہ ظلم کرنے والے پر سوالات اٹھانے چاہیے، سہنے والوں پر نہیں۔
ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے اسلام آباد پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر خاتون اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر اسلام آباد پولیس نے فوراً تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزم عثمان مرزا کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کردی۔‘

شیئر: