Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹی ایل پی پر پابندی لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں ہوگا‘

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف جیتے گی (فوٹو: اے پی پی)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’حکومت نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ویزہ آن لائن کر رہے ہیں، غیر ملکی شہریوں کو سم کارڈ لینے ، بینک اکاؤنٹ کھولنے ، کاروبار شروع کرنے کی اجازت اور سفری سہولتیں دے رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ٹی ایل پی کا معاملہ اسی ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، ’کابینہ کالعدم قرار دیتی ہے تو ٹی ایل پی کالعدم ہو جائے گی ورنہ نہیں ہوگی۔‘
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ’ہم طورخم بارڈر کو پاکستانیوں کے لیے کھول رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ طورخم بارڈر پر جو چار پانچ ہزار پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جو وہاں سے سعودی عرب جانا چاہتے تھے ان کے لیے کوئی راستہ تلاش کیا جائے۔‘
انہوں نے بتایا کہ چمن بارڈر کو یکم اگست سے الیکٹرانک کر دیں گے۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ ’پاکستان انڈیا کے ساتھ اس وقت تک کوئی بات نہیں کرے گا جب تک وہ پانچ اگست 2019 کے اقدام کو واپس نہیں لیتا۔‘
اسلام آباد میں منشیات کی بڑھتی ہوئی ترسیل سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا ’ پاکستان سے منشیات باہر نہیں جا رہی بلکہ باہر سے پاکستان میں آ رہی ہے۔ ہم جلد اس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کر رہے ہیں‘
وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان غالباً 16، 17 یا 18 جولائی کو آزاد کشمیر الیکشن مہم کے لیے جا رہے ہیں اور شاید میں بھی ساتھ جاؤں ۔
انہوں نے کہا ’کشمیر میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی‘

شیئر: