مقبوضہ علاقوں میں من مانی اسرائیل کی طرف سے اعلان جنگ ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
فلسطینی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تمام مقبوضہ علاقوں میں من مانی اسرائیل کی طرف سے اعلان جنگ ہے- عالمی برادری اپنا فرض ادا کرے-
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فلسطینی دفتر خارجہ نے جمعرات کو بیان جاری کرکے کہا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران فلسطینی عوام، سرزمین، قصبوں، شہروں، بستیوں، مقدس مقامات اور املاک کے خلاف یہودی آباد کاروں کی سرگرمیاں اور قابض اسرائیلی حکام کے جارحانہ حملے تیز ہوگئے ہیں-
فلسطینی دفتر خارجہ نے توجہ دلائی کہ تازہ ترین واردات تنظیم نسواں کی رفاقت میں یہودی آباد کاروں کے مسجد اقصی پر دھاوا بولنے ، فلسطینی قیدی منتصر شلبی کے مکان کو دھماکے سے اڑانے، القدس الخلیل سٹریٹ بند کرنے، عرب مخالف نسل پرستی کے نعرے لگانے اور یافا میں حسن بیک مسجد پر حملے کی صورت میں سامنے آئی ہے-
فلسطینی دفتر خارجہ نے توجہ دلائی کہ یہ سب کچھ ہورہا ہے اور اسی کے ساتھ فلسطینیوں کی زمینوں پر یہودیوں کو آباد کرنے والی سکیمیں بڑے پیمانے پر نافذ کی جارہی ہیں- اسرائیلی حکومت کے عہدیدار اس پر فخر بھی کررہے ہیں-
فلسطینی دفتر خارجہ نے کہا کہ الاغوار میں حمصۃ الفاکا کو ساتویں بار منہدم کرکے غاصب قابض اسرائیلی حکام ثابت کررہے ہیں کہ طاقت کے بل پر نسلی تطہیر ان کی اٹوٹ پالیسی ہے-
فلسطینی دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائے، اسرائیلی جرائم بند کرائے، سب کچھ ضائع ہونے سے پہلے جو کچھ بچ گیا ہے اسے بچانے کی فکر کرے۔