رقص بسمل کی آخری قسط، ’جیتے رہو چیتے، موسیٰ تم بہت یاد آؤ گے‘
ہفتہ 10 جولائی 2021 10:02
ڈرامہ سیریل رقص بسمل شازیہ وجاہت اور ایم ڈی پروڈکشن کی مشترکہ پیش کش تھی۔ (فوٹو: سکرین شاٹ ہم نیوز)
ڈرامہ سیریل ’رقصِ بسمل‘ کی آخری قسط میں خوشگوار اختتام پر سوشل میڈیا صارفین خوشی کا اظہار کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے عمران اشرف اور سارہ خان کے نام بھی ٹوئٹر ٹرینڈنگ فہرست میں موجود ہیں۔
ڈرامہ رقص بسمل کی کہانی معاشرے کے ایسے خاندانوں کے گرد گھومتی ہے جو خاندان سے باہر رشتہ کرنا اپنی روایات اور اصولوں کے خلاف سمجھتے ہیں۔
ڈرامے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب بھی اس ڈرامے کی نئی قسط منظر عام پر آتی تو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈرامے کا نام ٹرینڈنگ لسٹ میں سرفہرست ہوتا۔
پاکستانی اداکار عمران اشرف بھی ڈرامے سے وابستہ تبصروں اور کمنٹس میں خاصے ایکٹیو نظر آئے، ہر آنے والی قسط پر مداحوں کی جانب سے ملنے والے پیغامات کا خوش دلی سے جواب بھی دیتے رہے۔
ڈرامے کی آخری قسط نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کمنٹس کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کسی کو موسیٰ اپنی شادی پر کرنے والا ڈانس بھا گیا تو کوئی موسیٰ کے جانے پر اداس نظر آیا۔
ٹوئٹر صارف شاہین اظہر نے لکھا کہ ’موسیٰ تم بہت یاد آؤ گے‘
بنت حوا نامی ٹوئٹر اکاونٹ نے لکھا کہ ’پہلے بھولے کی ایکٹنگ اور اب موسیٰ اتنی بہترین اداکاری ہم کیسے بھول پائیں گے، موسی ٰچلا گیا۔‘
اس ٹویٹ کے جواب میں اداکار عمران اشرف نے جواب دیا کہ ’میں بھی اداس ہوں۔‘
ڈرامے ٹی وی پر آن ایئر ہونے کے دوران عمران اشرف نے ٹوئٹر پر صارفین سے درخواست بھی کی کہ موسیٰ کا نام ٹرینڈنگ لسٹ میں پانچویں نمبر پر موجود ہے آپ اسے پہلے نمبر پر بھی لا سکتے ہیں۔
مہوش اعجاز نے لکھا کہ ’عمران اشرف کمال کے اداکار ہیں جیتے رہو چیتے۔‘
بیشتر صارفین ڈرامے میں زہرہ کا کردار ادا کرنے والی سارہ خان کی اداکاری کو بھی سراہتے رہے۔ عمران اشرف نے ڈرامے کی آخری لمحات کے دوران اپنے مداحوں سے مخاطب ہو کر ٹویٹ کی ’حضرات ضروری اعلان سنیں، زہرہ موسیٰ کی ہو گئی ہے۔‘ جس کے جواب میں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے مبارکبادیں بھی وصول کیں۔
بعض صارفین رقص بسمل کا سیزن 2 دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے بھی نظر آئے، ڈرامہ سیریل شازیہ وجاہت اور ایم ڈی پروڈکشن کی مشترکہ پیش کش تھی۔