سلطان قابوس اور شاہ فیصل کی پچاس برس پرانی تاریخی تصویر
اتوار 11 جولائی 2021 21:00
عمان کے سلطان نصف صدی قبل سعودی عرب آئے تھے۔ ( فوٹو سبق)
سلطان ھیثم بن طارق سلطنت عمان کے پہلے فرمانروا نہیں جنہوں نے برسر اقتدار آنے پر اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کیا ان کے پیشرو سلطان قابوس بن سعید بھی برسراقتدار آنے کے بعد اب سے نصف صدی قبل پہلے سعودی عرب آئے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سلطنت عمان کے فرمانروا کی روایت ہے کہ برسراقتدار آنے کے بعد وہ سب سے پہلے سعودی عرب ہی کا دورہ کرتے ہیں۔
وہ اس اقدام کے ذریعے پوری دنیا کو یہ جتانا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب ان کے لیے کتنا اہم ہے۔
’تاریخ کے نوادر‘ کے عنوان سے سوشل میڈیا پر شاہ فیصل اور سلطان قابوس بن سعید کی وہ تصویر وائرل ہو رہی ہے جب سلطان قابوس برسراقتدار آنے کے بعد 11 دسمبر 1971 کو سعودی عرب کے دورے پر آئے تھے۔
انہیں مملکت کے دورے کا دعوت نامہ شاہ فیصل بن عبدالعزیز نے جاری کیا تھا جبکہ سلطان ھیثم بن طارق شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے نئے سیاحتی شہر نیوم پہنچے۔
یاد رہے کہ سلطان ھیثم بن طارق برسراقتدار آنے کے بعد پہلی بار غیرملکی دورے پر ہیں۔
انہوں نے خادم حرمین شریفین کی دعوت پ سعودی عرب کے دو روزہ دورے کا آغاز کیا ہے۔ سعودی قائدین و عوام ان کی پذیرائی کررہے ہیں۔