سعودی ریسرچ اور میڈیا گروپ کا اہم تبدیلیوں پر مبنی نئی حکمت عملی کا اعلان
سعودی ریسرچ اور میڈیا گروپ کا اہم تبدیلیوں پر مبنی نئی حکمت عملی کا اعلان
پیر 12 جولائی 2021 12:11
ایس آر ایم جی خطے کے میڈیا کے ڈیجیٹل مستقبل میں بنیادی کردار ادا کرے گا:جمانا الراشد
سعودی ریسرچ اور میڈیا گروپ (ایس آر ایم جی) نے اتوار کو اہم تبدیلیوں پر مبنی نئی حکمتِ عملی کا اعلان کیا ہے جس میں فوکس نشری پلیٹ فارمز کو وسعت دینے، بین الاقوامی شراکت کاری اور پانچ اہم کاروباری ماکیٹس میں سٹریٹیجک سرمایہ کاری پر ہوگا۔
ایس آر ایم جی گروپ الشرق الاوسط، الشرق نیوز اور عرب نیوز سمیت 30 سے زیادہ میڈیا کمپنیوں کا مالک ہے، جس کی مشترکہ ماہانہ پہنچ 16 کروڑ سے زیادہ صارفین تک ہے۔
ایس آر ایم جی ریاض میں تداول سٹاک ایکسچینج کی لسٹ پر بھی ہے۔
ایس آر ایم جی اپنے موجودہ پورٹ فولیو کو ڈیجیٹل پیشکشوں اور اپنی عالمی رسائی کی مطبوعات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں بدلنے، مارکیٹ میں موجود خلا کو پُر کرنے لیے نئے پلیٹ فارمز کو متعارف کرانے اور مشہور عالمی برانڈز کے ساتھ مل کر نئے میڈیا سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے ذریعے بڑھائے گی۔
ایس آر ایم جی کی اس سے قبل بھی ’بلوم برگ‘ اور ’دی انڈیپنڈنٹ‘ سمیت کئی نمایاں اداروں کے ساتھ کامیاب شراکت داری چل رہی ہے۔
ایس آر ایم جی اپنی نئی لیڈرشپ ٹیم کی قیادت میں ڈیجیٹل اور سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنے صارفین تک اوریجنل اور معیاری مواد پہنچانے پر توجہ مرکوز کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی کیبل اینڈ سٹیلائٹ کی پہنچ کو مستحکم کرے گی۔
ایس آر ایم جی نئی سروسز کے لیے اپنے ڈیٹا اور ٹیکنالوجی سے متعلق صلاحتیوں کو تسلسل کے ساتھ بہتر بنانے اور مونیٹائزیشن کی صلاحیتیوں کو بڑھانے کے طریقوں پر کاربند ہے۔
ایس آر ایم جی علاقائی اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں کاروباری مواقعوں کی توسیع کے لیے پانچ اہم مارکیٹوں میں کام کرے گی۔
1: ای آر ایم جی میڈیا: ڈیجیٹل پیلٹ فارمز، پوسٹ کارڈز اور ملٹی میڈیا
اس کے تحت اوریجنل، منفرد اور ایکسکلیوسیو مواد کو ڈیجیٹل شکل میں زیادہ سے زیادہ صارفین تک پہنچایا جائے گا۔
2: ایس آر ایم جی انٹرنیشنل: بین الاقوامی سرمایہ کاری اور شراکت داریاں
ماہر میڈیا پروفیشنلز کی قیادت میں اہم پارٹنرشپس اور سٹریٹیجک سرمایہ کاری کے ذریعے ایک عالمی سطح پر نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔
3: ایس آر ایم جی تھنک: ریسرچ اینڈ پولنگ
مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر کے بارے میں ماہرین کے تجزیات اور منفرد حقائق پیش کیے جائیں گے۔
4:ایس آر ایم جی ایکس: کانفرنسز اور نمائشیں
ایس آر ایم جی ایکس کے تحت مختلف کانفرنسوں اور نمائشوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے تحت لوگوں کے لیے رابطوں اور ڈیجیٹل ورلڈ سے ان کی وابستگی کے مواقع متعارف کرانے کے لیے اہم تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
5: ایس آر ایم جی لیبز: انوویشن ، انکوبیشن اور ٹریننگ
اس حکمت علمی کے تحت نئے ٹیلنٹ کو علاقائی میڈیا میں متعارف کرانا اور میڈیا پروفیشنلز، صحافیوں اور مواد تیار کرنے والوں کی اگلی پود کی تربیت کا انتظام کیا جائے گا۔
اس نئی حکمت عملی کے حوالے سے ایس آر ایم جی کے چیئرمین عبدالرحمن براہيم الرويتع کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ پانچ دہائیوں سے ہمارے اداروں الشرق الاوسط، عرب نیوز، سیدتی اور دیگر نے مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر سے متعلق اہم خبریں اپنے صارفین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اب ہم نئی حکمت ملی کے تحت عالمی امور پر زیادہ توجہ مرکوز کر کے اپنی منفرد حیثیت کو مزید مستحکم کریں گے اور میڈیا کے شعبے میں اپنے علاقائی رسوخ میں اضافہ کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نئے پلیٹ فارمز اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے ہم اپنے صارفین کو ان کے ذوق کے مطابق مستند خبریں اور معلومات دیں گے۔ ہم صحافت میں موضوعاتی تنوع اور جامعیت کے اپنے اصول پر کار بند رہیں گے اور ٹیلنٹ اور تخلیقیت کے فروغ کے لیے میڈیا پروفیشنلز، صحافیوں اور صحافتی مواد پر کام کرنے والوں کی مدد کریں گے۔‘
ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیگٹو آفیسر جمانا الراشد کا کہنا ہے کہ ’پریمیئم مواد کی تخلیق، نئے پلیٹ فارم متعارف کروانے اور نئے عنوانات اور خدمات کے ذریعے اپنی رسائی کو وسعت دینے پر ہماری توجہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ایس آر ایم جی اس خطے کے میڈیا کے ڈیجیٹل مستقبل میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔‘
’نئے پلیٹ فارمز ہمارے صحافیوں کو مشرق وسطیٰ میں ایس آر ایم جی کی حیثیت کو ایک پریمئیر ادارے کے طور پر تقویت پہنچانے کے لیے خبریں دینے اور لوگوں کو اعداد و شمار اور جدید ٹیکنالوجی سے مزین مواد پہچانے کی اجازت دیں گے۔‘
جمانا الراشد کا کہنا ہے کہ ’ہماری ہماری نئی حکمت عملی ایک ایسے میڈیا ہاؤس کے لیے دلچسپ باب ہے جس کی جدت اور ترقی کی طویل وراثت ہے۔ ہم متعلقہ اور متنوع میڈیا مواد فراہم کر کے صارفین کے ساتھ اپنے تعلقات بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں اور اپنی سروسز کو بڑھا کر میڈیا مارکیٹ میں اپنے مقام کو اور بھی مستحکم کرنے کے لیے پرامید ہیں۔‘
’نئی حکمت عملی کے ساتھ ایس آر ایم جی نے اپنے برانڈ اور ویب سائٹ کی تشکیل نو کر کے اپنی منفرد تاریخ کو قائم رکھتے ہوئے اپنے تازہ طرز عمل کی عکاسی کی ہے۔ اپنی وراثت، پیمانے اور نئی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایس آر ایم جی دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی میڈیا مارکیٹوں تک رسائی کے لیے منفرد پوزیشن میں ہے۔‘