منظور شدہ ویکسین کی آمیزش انتہائی محفوظ ہے : وزارت صحت
’سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین کی متعدد اقسام کی آمیزش انتہائی محفوظ ہے‘ (فوٹو: العربیہ)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا ویکسینز کی آمیزش کے حوالے سے جاری رپورٹ درست نہیں۔
العربیہ کے مطابق ترجمان نے کہا ہے کہ ’بین الاقوامی تحقیق اور مختص سائنسی کمیٹیوں کی تحقیق کی بنیاد پر ہم باور کراتے ہیں کہ ہمارے پاس منظور شدہ ویکسینوں کی آمیزش محفوظ ہے۔ یہ اقدام عالمی ادارہ صحت اور کئی ملکوں میں منظور شدہ ہے۔‘
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کی مختلف اقسام کی آمیزش کو غلط رجحان قرار دیا تھا۔ ادارے کے مطابق اس کے نتیجے میں بدنظمی کی صورت حال پیدا ہو جائے گی۔
اس پر وزارت صحت کے ترجمان نے یقین دلایا ہے کہ ’سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین کی متعدد اقسام کی آمیزش انتہائی محفوظ ہے۔‘