Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صدر پاکستان عارف علوی بھی اب ٹک ٹاک پر موجود ہیں‘

ایوان صدر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے دو روز قبل ایک تقریب بھی ہوئی تھی (فوٹو: ایوان صدر پاکستان)
ٹک ٹاک کو عموما غیرسنجیدہ مواد اور نوجوان افراد کی ایپلیکیشن سمجھا جاتا اور اس سے یہی برتاؤ کیا جاتا ہے تاہم صارفین کی بڑھتی تعداد نے اہم شخصیات و اداروں کو بھی اس پلیٹ فارم کے استعمال پر آمادہ کر لیا ہے۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بھی اب ٹک ٹاک پر موجود ہوا کریں گے۔
ایوان صدر کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اعلان کیا گیا ہے کہ ’صدر پاکستان اب ٹک ٹاک پر ہیں۔‘
اس کے ساتھ دیے گئے پیغام میں جہاں صدر مملکت کی ٹک ٹاک پر موجودگی کو مثبت پیغام پھیلانے اور نوجوانوں کے لیے موٹیویشن کہا گیا ہے وہیں ٹک ٹاک صارفین کے لیے حوصلہ افزا ویڈیوز پیش کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
ایوان صدر کے ٹوئٹر پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کا لنک دیتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں صدر پاکستان کہتے ہیں کہ ’وہ ایسا ڈریمر ہیں جو ہر چیز میں ایک روشنی کی کرن دیکھ رہا ہے۔ میرے لیے پاکستان ایک آفتاب کی شکل اختیار کر رہا ہے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’یہ سحر کی ابتدا یا دن کا آغاز نہیں بلکہ دن کا عروج ہے۔ اپنے ملک کی بہتری میں دلچسپی لیجیے۔‘
دو روز قبل ڈاکٹر عارف علوی ایوان صدر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے بھی خطاب کر چکے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیجٹلائزیشن کے منصوبے سے عوام میں ایوانِ صدر کے ماتحت کام کرنے والے اداروں مثلاً عام لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی میں محتسبین کے کردار وغیرہ سے متعلق آگہی پیدا ہوگی۔‘

صدر مملکت نے حال ہی میں پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہیں دیگر امور سمیت سائبر سکیورٹی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی تھی۔

شیئر: