ایک ہفتے میں کورونا ایس اوپیز کی 21 ہزار 500 خلاف ورزیاں ریکارڈ
اتوار 18 جولائی 2021 18:47
خلاف ورزیاں گیارہ سے سترہ جولائی کے درمیا ن ریکارڈ کی گئی ہیں۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مملکت بھر میں کورونا ایس او پیز کی 21 ہزار 500 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ یہ خلاف ورزیاں گیارہ سے سترہ جولائی کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہیں‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ’ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں 6 ہزار 800 ریاض ریجن میں ہوئی ہیں۔ مشرقی ریجن میں 3 ہزار ، مکہ مکرمہ میں 2 ہزار 500 اور مدینہ منورہ میں 2 ہزار300 خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ قصیم، الجوف، حدود الشمالیہ، حائل، عسیر، تبوک، جازان اور باحہ میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔
بیان میں مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو پھر تاکید کی گئی کہ وہ وائرس سے بچاو کے لیے مقرر پابندیوں کا احترام کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔