روس ہر قسم کے دشمن کا پتا لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے: پوتن
اتوار 25 جولائی 2021 15:48
ولادیمیر پوتن کے مطابق روس کی نیوی ہر قسم کے دشمنوں کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روسی بحری افواج کسی بھی دشمن کا پتا لگانے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر حملہ بھی کر سکتی ہیں جس سے بچنا ناممکن ہوگا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر پوتن نے سینٹ پیٹرز برگ میں نیوی ڈے پریڈ کے موقع پر خطاب میں کہا کہ روس ہر قسم کے دشمن کا پتا لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے چاہے وہ پانی کے نیچے، اوپر یا پھر فضا میں موجود ہو، اور ضرورت پڑنے پر حملہ کر سکتا ہو جس سے بچنا ممکن نہیں ہوگا۔
روسی صدر کا یہ بیان جون میں بحیرہ اسود میں پیش آنے والے واقعے کے بعد آیا ہے جب روس نے برطانوی جنگی بحری جہاز کو کریمیا کے پانیوں سے نکالنے کے لیے اس کی راہ میں بم گرانے اور انتباہی فائرنگ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
تاہم برطانیہ نے روس کے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی قسم کے بم نہیں گرائے گئے جبکہ فائرنگ روس کی افواج کی جانب سے جاری مشق کا حصہ تھی جس کے بارے میں روس نے پہلے سے اعلان کیا ہوا تھا۔
سنہ 2014 میں کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کو برطانیہ اور دیگر ممالک نے تسلیم نہیں کیا تھا۔ ان ممالک کے خیال میں بحیرہ اسود روس کے بجائے یوکرین کا حصہ ہے۔
گذشتہ ماہ ولادیمیر پوتن نے کہا تھا کہ روس جنگ عظیم سوئم شروع کیے بغیر برطانوی جنگی بحری جہاز ’ایچ ایم ایس ڈیفینڈر‘ کو تباہ کر سکتا تھا۔
روس نے الزام عائد کیا تھا کہ برطانوی بحری جہاز غیرقانونی طوری پر اس کے پانیوں میں داخل ہوا تھا۔ روس نے امریکہ پر بھی جارحانہ کردار ادا کرنے کا الزام لگایا تھا۔